بدین‘بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات‘ مرزا گروپ کے دھرنے
بدین (نامہ نگار)بدین‘ گولارچی اور دیگر شہروں میں بلدیاتی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف مرزا گروپ کے حامیوں نے دھرنا دے دیا۔ پریس کلب کے سامنے نومنتخب 14کونسلروں نے کی قیادت میں سینکڑوں مظاہرین نے دھرنا دے کر سڑک کو بندکردیا۔ اس موقع پر خلیفہ طارق میمن اور عیسیٰ ملاح نے کہا ڈسٹرکٹ کونسل کی چاروں سیٹوں پر مرزا گروپ کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے تھے۔ لیکن یو سی کڑیو گھنور اور یو سی سعید پور کے نتائج روک لیے گئے۔ زرداری اور فریال تالپور کے کہنے پر ڈی آر او نے نتائج تبدیل کرکے ہارے ہوئے پی پی کے امیدواروں کو کامیاب کرایا۔ گولارچی سے نامہ نگار کے مطابق ٹائون کمیٹی کڑیو گہنور اور یونین کونسل کڑیو گہنور کے نتائج کو مسلم لیگ ن اور مرزا گروپ نے مسترد کرتے ہوئے رات گئے آراو آفس گولارچی کا گھیرائو کرلیا۔ راہو اور مرزا گروپ کے سینکڑوں کارکنوں نے رات بھر آر او کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا۔ یہ سلسلہ دوسرے دن دوپہر تک جاری رہا بعض متنازعہ پولنگ سٹیشنز کے ووٹوںکی دوبارہ گنتی کی یقین دہانی پر کافی حد تک مظاہرین منتشر ہوگئے تاہم ابھی تک مظاہرین کی خاصی تعداد آر او کے دفتر کے سامنے موجود ہے۔ کڑیو گھنور شہر میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی پر جشن منایا جارہاہے۔