مصر: پولیس ہیڈکوارٹر پر خودکش حملہ‘ 2 بم دھماکے‘ جھڑپیں‘ 17 افراد ہلاک‘ امریکی شہری گرفتار
قاہرہ (اے ایف پی+ رائٹر+ نوائے وقت رپورٹ) مصر میں جاری خانہ جنگی کے تین سال مکمل ہونے پر قاہرہ یکے بعد دیگر تین بم دھماکوں سے گونج اٹھا جس کے نتیجے میں 6افراد جبکہ سکیورٹی فورسز اور مرسی کے حامیوں میں جھڑپوں میں 11افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ گذشتہ روز صبح پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر خود کش حملے میں کار سوار بمبار نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس سے 4افراد موقع پر ہلاک ہو گئے۔ دھماکے کے بعد فائرنگ کی بھی آواز سنی گئی۔ دوسرا بم دھماکہ میٹرو سٹیشن کے قریب ہوا جس میں ایک شخص مارا گیا۔ تیسرا دھماکہ غزہ کے نزدیک ایک سڑک پر ہوا جس میں ایک شخص نشانہ بن گیا۔ متعدد شہروں میں سکیورٹی فورس اور مرسی کے حامیوں کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں۔ رائٹر کے مطابق جھڑپوں میں 11 افراد ہلاک ہو گئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق امریکی سفارتخانہ نے اپنے شہری کی گرفتاری کی تصدیق کر دی۔ امریکی سفارتخانے نے کہا کہ اس سلسلے میں مصری حکام سے رابطے میں ہیں۔