عید میلادالنبی آج مذہبی جوش و جذبہ سے منائی جائیگی، سکیورٹی سخت

لاہور (خصوصی رپورٹر + خصوصی نامہ نگار + نامہ نگار) محسن انسانیت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے موقع پر ملک بھر میںآج جشن عید میلادالنبی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔ محبان رسول نے محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی محبت و عقیدت کے اظہار کےلئے گھروں، گلیوں، بازاروں اور چوراہوںکو رنگ برنگی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں سیرت کانفرنسیں، محافل میلاد اور جلوس نکالے جائیں گے جن میں خیرالبشر، سردار انبیا و رحمة للعالمین کے اسوہ¿ حسنہ پر روشنی ڈالی جائےگی اور غلامان رسول نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔ اجتماع میلاد میں نعت خواں حضرات سرکار دو عالم کی بارگاہ میں نذرانہ گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ ملک بھر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی۔ لاہور میں 3600 اہلکار ڈیوٹیاں سرانجام دینگے جبکہ ضلعی حکومت نے مرکزی جلوسوں کے راستے پر دفعہ 144 نافذ کر دی، مرکزی جلوس اسلام پورہ اور ریلوے سٹیشن سے نکلیں گے جو داتا صاحب جا کر ختم ہونگے۔ عید میلادالنبی کے موقع پر صدر، وزیراعظم سمیت سیاسی و مذہبی رہنماﺅں نے اپنے پیغامات میں کہا کہ ہمیں پہلے سے زیادہ سیرت نبوی پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، سنی اتحاد کونسل، جماعت اہلسنت اور دیگر تنظیموں کی جانب سے ملک بھر میں جلوس نکالے جائینگے اور محافل کا انعقاد کیا جائے گا۔ صوبائی دارالحکومت میں عید میلادالنبی کے موقع پر 78 واں قدیمی مرکزی جلوس جامع مسجد حنفیہ محلہ کشمیری سادھواں اندرون اکبری گیٹ سے بعداز نماز ظہر، اشفاق قادری، علامہ مقصود قادری اور صدر تحفظ ناموس رسالت محاذ علامہ صاحبزادہ رضائے مصطفی نقشبندی کی زیر قیادت نکالا جائیگا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج کی اس دنیا کو تعلیمات نبویﷺ کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس دنیا کو صحیح معنوں میں تعلیمات نبویﷺ سے روشناس کرائیں۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ باطل قوتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر وطن عزیز کو امن و امان اور ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنانا ہو گا۔ عوام اسوہ رسولﷺ کی پیروی کرتے ہوئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق اور یکجہتی قائم کریں۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اسوہ رسولﷺ پر عمل کرکے ہی ہم عدل و انصاف اور رواداری پر مبنی معاشرہ قائم کرکے ایک خوددار، خودمختار اور خوشحا ل قوم بن سکتے ہیں۔ آج ہمیں بھی اپنے مسائل کے حل کیلئے سیرت رسولﷺ کو اپنانا ہو گا۔ عمران خان نے کہا نبی پاک حضرت محمدﷺ پوری انسانیت کیلئے سراپا رحمت بن کر آئے، چودھری شجاعت اور چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ اسوہ حسنہ ﷺ پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہم آج نجی اور اجتماعی زندگی میں گوناگوں مسائل سے دوچار ہیں، ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ میلاد مصطفی پوری مسلم دنیا کیلئے خوشی اور مسرت کا عجیب احساس لے کر آتا ہے۔ گورنر مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ نبی آخر الزمان حضرت محمدﷺ کو ہدیہ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو آپ کے اسوہ حسنہ کے مطابق ڈھالیں۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ جشن عید میلادالنبی کے موقع پر ہمیں درگزر اور صلح جوئی کے مسنون زریں اصولوں کو اپنانا ہو گا۔