مقبوضہ و آزاد جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر کے کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے
سرینگر+ مظفر آباد (مانیٹرنگ نیوز+ نیوز ایجنسیاں) مقبوضہ و آزاد جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر کے کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے، کشمیری مظاہرے کرینگے، ریلیاں نکالیں گے اور اقوام متحدہ کے دفاتر میں یادداشتیں پیش کرینگے۔ بی جے پی کے رہنماﺅں کے سرینگر پہنچنے پر ائرپورٹ بند کر دیا گیا اور رہنماﺅں کو شہر میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ وادی بھر میں حفاظتی انتظامات انتہائی سخت کر دئیے گئے۔ حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری رہا۔ لال چوک چلو پروگرام کو بھارتی جمہوریت عملی جامہ پہنانے کیلئے یاسین ملک متعدد ساتھیوں سمیت روپوش ہو گئے۔ مظفر آباد میں پاسبان حریت کے زیراہتمام مشاورتی اجلاس میں کہاکہ بھارتی جمہوریت ڈھونگ ہے، اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کا وعدہ پورا کرے۔ تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں کل ساڑھے دس بجے سینٹرل پریس کلب سے ریلی نکالی جائیگی جس کی قیادت حزب المجاہدین کے کمانڈر عبداللہ ملک، جماعت الدعوة کے امیر علامہ عبدالعزیز علوی، نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمان کرینگے۔ مقبوضہ کشمیر پولیس نے لال چوک میں بی جے پی کی طرف سے گھنٹہ گھر پر جھنڈا لہرانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2کارکنوں کو گرفتار کیا جبکہ سول لائنز میں دوسرے روز بھی پولیس نے متعدد ہوٹلوں پر چھاپے مارے، حکومت نے آج اور کل جواہر ٹنل بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ راجوری اور پونچھ میں ٹرانسپورٹ سروس پر پابندی لگائی گئی ہے۔ ادھر کرناٹک میں بھاجپا کے 1500کارکنوں سے بھری ایک ریل گاڑی کو واپس بھیج دیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے بی جے پی کے رہنماﺅں کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر میں دفعہ 144نافذ ہے۔ رہنماﺅں کو واپس جانے کا حکم دیا گیا لیکن تمام رہنما زبردستی طیارے سے باہر آ گئے۔ بی جے پی کے رہنما سشماسوراج نے کہاکہ ایکتا یاترا ضرور کریں گے اور لال چوک میں ترنگا لہرائے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔ ایل کے ایڈوانی اور ارون جیٹلی نے الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی و ریاستی حکومتوں نے حریت پسندوں کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھاجپا یوتھ ونگ کے ہزاروں کارکن کل جموں کشمیر کی سرحد میں داخل ہوکر کسی بھی صورت میں سرینگر کے لال چوک میں ترنگا لہرائیں گے جبکہ کٹھ پتلی وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہاکہ کسی کو امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ ٹیلیفونک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید شبیر احمد شاہ نے کہاکہ چین مسئلہ کشمیر حل کرانے میں کردار ادا کرے۔