ریونیو عوامی خدمت کچہریاں عوام کی داد رسی میں اہم کردار ادا کر رہی ییں:صوبائی وزیر ملک محمد انور
صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کچہریاں عوام کی فوری دادرسی میں معاون ثابت ہورہی ہیں اور ان کچہریوں کے ذریعے عام آدمی کے محکمہ ریونیو سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں اور عوام کا اداروں پر اعتماد بڑھا ہے۔
یہ بات انہوں نے آج یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ صوبائی وزیر ملک محمد انور نے کہا کہ محکمہ مال کی جانب سے اکتوبر 2020ء سے پنجاب بھر میں ریونیو عوامی خدمت کچہریاں متواتر منعقد کی جا رہی ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ریونیو عوامی خدمت کچہریوں میں ڈپٹی کمشنر، متعلقہ افسران اور عملہ ایک چھت تلے عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنے فرائض سر انجام رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ ریونیو میں جدید ریفامز کے نتیجے میں متعلقہ تحصیل دفاتر میں درستگی ریکارڈ، فرد کا اجراء، انتقالات کا اندراج، رجسٹری، انکم سرٹیفکیٹ، معائنہ ریکارڈ، ڈومیسائل کا اجراء اور ریونیو سے متعلقہ دیگر معاملات موقع پر حل کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے اس انقلابی اقدام سے عام آدمی کواُس کی دہلیز پر ریلیف مل رہا ہے۔ حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے قابل تحسین اقدامات اٹھائے ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی کاوشوں سے عوام کو ان کی دہلیز پر ضروری سہولیات مہیا ہور ہی ہیں۔