ہ پنجاب حکومت صوبہ بھر کی جیلوں کے ملازمین اور عام قیدیوں کے لیے بڑا اصلاحاتی پیکج لا رہی ہے:راجہ بشارت ن
صوبائی وزیر قانون و کوآپریٹوز راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبہ بھر کی جیلوں کے ملازمین اور عام قیدیوں کے لیے بڑا اصلاحاتی پیکج لا رہی ہے جس سے جیلوں کے پورے نظام میں واضح بہتری آئے گی۔ وہ گزشتہ روزآئی جی جیل خانہ جات پنجاب کے دفتر کا دورہ کر رہے تھے جہاں آئی جی پرزنز شاہد سلیم بیگ نیان کا استقبال کیا، جیل پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ راجہ بشارت نے کہا کہ یہ دورہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر جیل اصلاحات پر مشاورت کے لیے کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کسی وزیر اعلیٰ نے پہلی دفعہ امیروں کی بجائے غریب اور بے سہارا قیدیوں کے بارے میں سوچا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ پیکج میں قانونی، مالی، سماجی اور انتظامی تبدیلیوں کے ذریعے قیدیوں کو معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں گی جبکہ جیل ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسوں میں اضافہ کی تجویز بھی زیر غور لائی جائے گی۔ راجہ بشارت نے آئی جی اور ان کی لیگل ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پراس حوالے سے تحریری طور پر اپنی تجاویز بھجوائیں۔ قبل ازیں انہوں نے آن لائن مانیٹرنگ سسٹم، ڈیجیٹل کمپلینٹ سیل اور میڈیا سیل کا معائنہ کیا جہاں اڈیالہ جیل راولپنڈی، ڈسٹرکٹ جیل پاکپتن اور دیگر جیلوں کے مختلف حصوں کا آن لائن مشاہدہ بھی کرایا گیا۔ وزیر قانون نے ہدایت کی کہ جب تک آن لائن مانیٹرنگ سسٹم کی رسائی سپرنٹینڈنٹ کے دفتر اور قیدیوں کی بیرکوں کے اندرتک نہیں ہوگی اس وقت تک مانیٹرنگ کے مکمل نتائج برآمد نہیں ہوسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ شکایات سیل میں موصول ہونے والی شکایات کی وجوہات کے تدارک پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ نظام میں موجود خرابیوں کی درست نشاندھی ہو سکے۔ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ شفقت اللہ مشتاق، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک منیر احمد اور ڈی آئی جی لاہور ریجن نوید رؤف بھی موجود تھے-