لیبیا کے ساحل پر کم ازکم41 تارکین وطن ڈوب گئے

لیبیا کے ساحل پر بحری جہاز تباہ ہونے کے باعث کم ازکم41 تارکین وطن ڈوب گئے ہیں۔بین الاقوامی تنظیم برائے تارکین وطن(آئی اوایم) اور اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے مہاجرین(یواین ایچ سی آر)نے ایک بیان میں کہاہے کہ عینی شاہدین کے مطابق 77تارکین وطن کو تجارتی کشتیوں نے بچا لیا۔ 18فروری کو لیبیا سے روانہ ہونے والی چھوٹی کشتی میں 6خواتین اور4 بچوں سمیت 120افراد سوار تھے،خواتین میں سے ایک حاملہ تھی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا سے وسطی بحیرہ روم کی جانب راستے پرسفر کرنے والے ہزاروں افراد اسمگلروں اور ملیشیازکے ہاتھوں ناقابل بیان وحشت کا نشانہ بن چکے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جن تارکین وطن کو بچایا گیا ہے انہیں لیبیا واپس بھیج دیا گیا اور انہیں ضروری طورپر نظربندکردیاگیاہےکیونکہ انہیں زیادتی، تشدد اور انسانی حقوق کی بڑی خلاف ورزیوں کا شکار ہونے کا خطرہ ہے۔بین الاقوامی تنظیم برائے تارکین وطن(آئی اوایم) اور اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے مہاجرین(یواین ایچ سی آر)نے اعادہ کیاکہ لیبیا کو ایک محفوظ بندرگاہ نہیں سمجھا جا سکتا اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کرنی ہوگی کہ سمندر میں بچائے گئے لوگوں کو واپس وہاں نہیں بھیجا جائے گا۔