جنرل سیکریٹری عوامی تحریک کی گورنر پنجاب سے ملاقات
لاہور(خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے گزشتہ روز گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اسیر محمد سلطان جو برین ٹیومر کے مریض ہیں اور جنہیں ڈاکٹرز نے میجر سرجری کیلئے جناح پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل کالج کراچی لیجانے کی ہدایت کررکھی ہے کے بلاتاخیر علاج شروع کروانے پر گفتگو کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ بغرض علاج کراچی لے جانے کے حوالے سے غیر ضروری تاخیر کی وجہ سے اسیر محمد سلطان کی صحت روز بروز بگڑرہی ہے، لہٰذا کاغذی کارروائی میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور اسے فوری علاج کیلئے کراچی بھجوایا جائے۔ گورنر پنجاب نے اس سلسلے میں آئی جی پریزنرزاور ہوم سیکرٹری آفس سے معلومات حاصل کیں اور بلاتاخیر کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔خرم نواز گنڈاپور نے آئی جی پریزنرز پنجاب اور ایڈیشنل ہوم سیکرٹری سے بھی محمد سلطان کے علاج کے سلسلے میں ملاقات کی۔