حضرت ابوبکر صدیقؓ پر تنقید کرنیوالے دشمنوں کا ایجنڈا پورا کرنا چاہتے ہیں:اشرف آصف جلالی
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیراہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں ’’باغ فَدک‘‘ کے موضوع پر تاریخی ’’عدالتِ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سیمینار‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت حضرت پیر سید عامر سلطان شاہ صاحب نے کی جبکہ الحاج صوفی غلام سرور گوندل مہمان خصوصی تھے۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے عوام و خواص کے جمِ غفیر میں تقریباً ساڑھے چھ گھنٹے خطاب کیا۔ مرکز صراط مستقیم میں نمازِ عشاء سے نماز فجر تک فضائیں ’’یا صدیق، یا علی‘‘، ’’یا حسن، یا حسین‘‘ رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے نعروں سے گونجتی رہیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا: قرآن پر ایمان کے لیے جامعِ قرآن حضرت صدیق اکبر ؓ کا احترام لازم ہے۔ حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کی عدالت کو متنازعہ بنا کر اسلام دشمن قوتیں اپنا ایجنڈا مکمل کر دینا چاہتی ہیں۔ اب تک نیوز چینل پر مبینہ طور حضرت صدیق اکبر رضی اللہ تعالی عنہ کی عدالت پر تنقید کرنے والی سیفی علی خان نامی ملعونہ کو گرفتار نہ کیے جانے پر عاشقانِ رسول ؐ اور محب وطن پاکستانیوں میں دن بدن تشویش بڑھتی جارہی ہے۔حدیث مصطفیؐ میں صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کی گستاخیوں کے ماحول میں خاموشی کو نبوت مصطفی ؐ چھپانے کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔ فرمانِ نبوی ؐ ہے: جب معاشرے میں صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہو، ایسے میں عالم دین پر فرض ہے کہ اپنے علم کا اظہار کرے۔