٭ حضرت ابو طفیل بیان کرتے ہیں: میں نے دیکھا کہ رسول اللہ مقام جعر انہ میں گوشت تقسیم کر رہے تھے اور میں اس وقت نوجوان تھا اور اونٹ کی ہڈیاں اٹھا رہا تھا۔ اس اثنا میں ایک عورت آئی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب ہوئی۔ آپ نے اس کے لئے اپنی چادر بچھا دی جس پر وہ بیٹھ گئی۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ لوگوں نے کہا: یہ آپ کی وہ ماں ہے جس نے آپ کو دودھ پلایا تھا۔(ابو داؤد)
٭ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی رضاعی ماں یعنی حضرت حلیمہ سعدیہ جب تشریف لاتیں تو ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ ان کے احترام میں کھڑے ہو جاتے ، اپنی چادر بچھاتے اور اس پر اپنی رضاعی ماں کو بٹھاتے۔ایک رضاعی ماں جس نے صرف اپنا دودھ پلایا، اسلام میں اگر اس کا اتنا عظیم مقام ہے تو جو حقیقی ماں ہے اس کا مقام کتنا عظیم ہو گا؟
٭ حضرت عبداللہ بن عمروبیان کرتے ہیں کہ ایک شخص نے نبی کریم ﷺ سے پوچھا : کیا میں جہاد کروں ؟آپ نے فرمایا:
کیاتمہارے ماں باپ (زندہ) ہیں؟ اس نے کہا : جی ہاں ! آپ نے فرمایا: پھر تم ان کی خدمت میں جہاد کرو ۔جب تک جہاد فرض عین نہ ہو جائے اس وقت تک والدین کی اجازت کے بغیر جہاد میں شریک ہونا جائز نہیں ہے ۔
٭ حضرت مالک بن ربیعہ بیان کرتے ہیں کہ بنی سلمہ کے ایک آدمی نے نبی کریم ﷺ سے پوچھا : کیا ماں باپ کے فوت ہونے کے بعد بھی ان کے ساتھ کوئی نیکی کرنا میرے ذمہ باقی ہے؟ آپ نے فرمایا ہاں ان کی نماز جنازہ پڑھنا ، ان کیلئے استغفار کرنا،ان کے عہد کو پورا کرنا ،ان کے دوستوں کی تعظیم کرنا اور ان کے رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی کرنا ۔
٭ نبی کریم ﷺ نے فرمایا : (قیامت کے دن ) تین قسم کے لوگ میرا چہرہ نہیں دیکھ سکیں گے ان میں سے ایک والدین کا نافرمان ،دوسرا میری سنت کا تارک اور تیسرا جس کے پاس میرا ذکر کیا گیا اور اس نے مجھ پر درود نہیں پڑھا۔
٭ حضرت ابو امامہ بیان کرتے ہیں کہ ایک آدمی نے حضورِ اکرم ﷺ سے پوچھا: والدین کا انکے بیٹے پر کیا حق ہے؟ حضور ِاکرم ﷺ نے فرمایا: تیرے والدین تیرے لئے جنت ہیں یا دوزخ ہیں۔ (ابن ماجہ) یعنی والدین کی اطاعت اور خوش نودی بیٹے کو جنت میںلے جاتی ہے اور والدین کی نافرمانی ودِلآزاری بیٹے کیلئے دوزخ کا سبب بن سکتی ہے۔
٭ حضرت عبدالعزیز کے والد بیان کرتے ہیںکہ پیر اور جمعرات کو اللہ تعالیٰ کے سامنے اعمال پیش کئے جاتے ہیں اور جمعہ کے دن انبیاء اور والدین کے سامنے اعمال پیش کئے جاتے ہیں، وہ ان کی نیکیوں کو دیکھ کر خوش ہوتے ہیں اور ان کے چہرے خوشی سے چمک اٹھتے ہیں، پس تم اللہ تعالیٰ سے ڈرو اور اپنے مرنے والوں کو اذیت نہ پہنچاؤ۔ (کنزالاعمال )
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024