تمام ملازمین نیب کے ساتھ، چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے : سلیمان خان
لاہور (کامرس رپورٹر) ریگولر ائزیشن اور نجکاری کو بند کرنے کے نوٹیفیکشن کے علاوہ احتجاج نہیں روکا جائے گا ، سرکاری ملازمین کے احتجاج پر دھمکیاں دینے والی حکومت بیورو کریٹس کے احتجاج کو سپورٹ کر رہی ہے، پنجاب بھر کے تمام ملازمین نیب کے ساتھ کھڑے ہیں تمام چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ، ان خیالات کا اظہار محمد سلیمان خان سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ ہیلتھ فیڈریشن لاہور نے ڈی جی ہیلتھ آفس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اور سی ای او ہیلتھ لاہور کے ساتھ ہونے والی مذاکراتی میٹنگ میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب اور سی ای او ہیلتھ لاہور نے یونائیٹڈ ہیلتھ فیڈریشن اور ایپکا کے نمائندگان پر مشتمل وفد کو مذاکرات کے لئے بلایا جس میں ایک بار پھر سمری بھیجنے یقین دہانی کروائی گئی ، ڈی جی ہیلتھ پنجاب اپنے دفتر میں موجود ہونے کے باوجود ملازمین سے مذاکرات کیلئے بھی نہیں آئے لیکن متعلقہ افسران پر واضح کر دیاگیا کہ ریگولرائزیشن اور نجکاری بند کرنے کے نوٹیفکیشن کے علاوہ کسی صورت احتجاج نہیں روکا جائے گا۔