پی پی ایل فٹبال کپ،وزیر اعلیٰ بلوچستان نے میچ دیکھا
کراچی( اسپورٹس رپورٹر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے پاکستان پیٹرولئیم لمیٹڈ(پی پی ایل) بلوچستان فٹبال کپ کے ڈویژ نل رائونڈکے ساتویں دن تاج لالہ ڈسٹرکٹ فٹبال اسٹیڈیم، پشین میں کوئٹہ سٹی اور پشین کے درمیان کھیلے جانے والا میچ دیکھا۔مقابلے سے قبل دونو ں ٹیموںکا وزیر اعلیٰ سے تعارف کرایا گیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صحت مندانہ سرگرمیوں سے نہ صرف عوام کو تفریحی سہولیات میسر آتی ہیںبلکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنر کو ہدایت کی کہ فٹبال اسٹیڈیم کی تعمیر و مرمت کے لئے پی سی ون بنایا جائے ۔ ساتھ ہی انہوں نے ٹورنامنٹ منتظمین کمیٹی کے لئے 2 لاکھ روپے اور ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے لئے 4 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ٹورنامنٹ کے ساتویں دن کوئٹہ ڈویژن میں کھیلے گئے میچز میں کوئٹہ سٹی نے پشین کو 1-0 سے شکست دی ۔ میچ کا واحد گول غلام رضا نے 34 منٹ میں اسکور کیا۔دوسرے میچ میںڈی ایف اے کوئٹہ نے ڈی ایف اے چاغی کو-2 4 گول سے شکست دی۔ ڈی ایف اے کوئٹہ کی جانب سے زاہد نے 27 ویں اور 53 ویں منٹ میں اور نذیرنے59 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو 3 گول کی واضح برتری دلا دی تھی ۔ ڈی ایف اے چاغی کے شعیب احمد نے 67 ویں منٹ میں ایک گول کرکے کم کرنے کی کوشش کی تاہم میچ کے 70 ویں منٹ میں ڈ ی ایف اے کوئٹہ کے ولی خان نے ایک اور گول کردیا۔82 ویں منٹ میں ڈی ایف اے چاغی کی طرف سے محمد آصف نے ایک گول اسکور کیا۔ نصیر آباد ڈویژن میں کھیلے گئے میچ میںلہری نے جھل مگسی کو2-1 سے ہرادیا۔جھل مگسی کے بشیر احمد نے10ویں منٹ میں اپنی ٹیم کوبرتری دلادی تاہم 31ویں منٹ میں لہر ی کے زیشان نے گول کرکے میچ برابر کردیا۔ 76 ویں منٹ میں زیشان نے ایک اور گول اسکور کردیا ۔ اس طرح لہر ی نے ڈویژنل رائونڈ میں ایک اور میچ جیت لیا۔قلات ڈویژن میں قلات نے مستونگ کو 2-1 سے شکست دی۔قلات کی جانب سے محمدیوسف اور محمد نعیم نے ایک ایک گول اسکور کیا جبکہ مستونگ کی جانب سے واحد گول شہزاد نے بنایا۔