پنجاب کی بیورو کریسی مسلم لیگ (ن) کی بی ٹیم بن چکی: حامد رضا
لاہور ( سپیشل رپورٹر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پنجاب کی بیوروکریسی ن لیگ کی بی ٹیم بن چکی ہے۔ شہباز شریف کے ایما پر سرکاری افسروں کی ہڑتال خوفناک روایت ہے۔ سول سیکریٹریٹ کی تالا بندی آئین اور ملک سے کھلی بغاوت ہے۔ کرپشن کیس میں گرفتار احد چیمہ کو ترقی دینا شرمناک عمل ہے۔ بیوروکریسی ریاست کی بجائے شریف خاندان کی وفادار اور ذاتی ملازم کا کردار ادا کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت احتسابی عمل میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔ بیوروکریسی دراصل برا کریسی بن چکی ہے۔ ن لیگ کا ایم کیو ایم اور نواز شریف کا الطاف حسین والا حال ہونے والا ہے۔ ن لیگ فوج اور عدلیہ کی شرافت اور صبر کا ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہے۔ نواز شریف جلسوں کے ذریعے عدلیہ پر دباؤ ڈالنے میں ناکام ہوئے ہیں۔ ماضی میں جرنیلوں کے بوٹ پالش کرنے والے آج فوج کو آنکھیں دکھا رہے ہیں۔ ن لیگی ممبران پارلیمنٹ حکومت ختم ہوتے ہی ڈوبتے جہاز سے چھلانگیں لگانے کے لئے تیار بیٹھے ہیں۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے مزید کہا کہ نیب کا تمام شعبوں میں کرپٹ افراد پر ہاتھ ڈالنا خوش آئند ہے۔ سپریم کورٹ آئین و قانون کے مطابق صحیح فیصلے کر رہی ہے۔ ملک میں ڈاکو راج ختم ہونے والا ہے۔