محنت کا پھل اللہ ضرور دیتا ہے‘ عمید آصف: زیادہ ڈاٹ بال کرنے کی کوشش کرتا ہوں‘ ابتسام
دبئی(سپورٹس ڈیسک ) پشاور زلمی کی جانب سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف تباہ کن بولنگ کرنے والے عمید آصف نے کہا کہ وہ آگے بھی مزید محنت کریں گے۔ انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی ایسی کارکردگی کے بارے میں سوچتا نہیں ہے باقی ہر کوئی اچھا پرفارم کرنا چاہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب کھلاڑی محنت کرتا ہے تو اللہ اس کا پھل ضرور دیتا ہے۔عمید کا کہنا تھا کہ ایک ماہ قبل وہ کچھ مایوس تھے لیکن اس کے بعد کی جانے والی ٹوئٹ ان کی اہلیہ نے کی تھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آگے بھی انشاء اللہ وہ مزید محنت کریں گے۔عمید نے اسلام آباد کے خلاف چار وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اسلام آ باد یونائیٹڈ کے خلاف تین وکٹیں لینے والے نوجوان لیگ اسپنر ابتسام شیخ نے کہا ہے کہ پہلی وکٹ لینے کے بعد اعتماد بحال ہوا۔اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ پشاور زلمی میچ کے بعد ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ مشکل کیچ لیتے ہوئے وہ تھوڑی ہچکچاہٹ کا شکار تھے تاہم کیچ لینے کے بعد ان کا اعتماد بحال ہوگیا۔19 سالہ ابتسام کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران ان کی کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ ڈاٹ بال کریں تاکہ مخالف ٹیم پر دباؤ بڑھ جائے۔انہوں نے پی ایس ایل کے اپنے اب تک کے تجربے کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ انہیں بہت سپورٹ کررہی ہے اور نیچے گرنے نہیں دے رہی۔ابتسام نے کہا کہ لیگ اسپن انہوں نے پہلے اپنے استاد سے سیکھی جس کے بعد مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق نے اسے مزید نکھارا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ بھی کرلیتے ہیں اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیسرے نمبر پر بھی بیٹنگ کرچکے ہیں۔ابتسام ملتان سلطانز کے خلاف پہلے میچ میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھاسکے تاہم اپنے دوسرے ہی ٹو ٹوئنٹی میں تین وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔انہوں نے شاداب خان، سمیت پٹیل اور انڈرے رسل کوآؤٹ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔پشاور زلمی کے عمید آصف نے پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی سے اپنی ٹیم کو ایونٹ میں پہلی فتح دلانے کے ساتھ ساتھ منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔۔پاکستان سپر لیگ میں پہلا میچ کھیلنے والے فاسٹ باؤلر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا،عمید آصف نے میچ میں 23 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔اس شاندار باولنگ کی بدولت عمید نیا ریکارڈ بناتے ہوئے پاکستان سپر لیگ میں ڈیبیو پر بہترین باؤلنگ کرنے والے فاسٹ باؤلر بن گئے،۔انہیں میچ میں پانچویں وکٹ لینے کا بھی موقع ملا لیکن مشہور بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال ان کی گیند پر کیچ نہ تھام سکے اور وہ پانچ وکٹیں لینے سے محروم رہ گئے۔۔واضح رہے کہ عمید آصف پشاور زلمی کے ابتدائی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے لیکن حسن علی کی انجری اور ابتدائی میچوں کیلئے عدم دستیابی کے سبب انہیں اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔