رام اﷲ میں امریکی وفد پر مشتمل فلسطینیوں پر انڈوں اور جوتوں سے حملہ
رام اللہ (این این آئی) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں دورے پر آئے امریکی کانگریس کے ایک وفد پر فلسطینی مظاہرین نے گندے انڈوں اور جوتوں سے حملہ کر کے انہیں شدید مشکل میں ڈال دیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق رام اللہ میں فلسطینی پولیٹیکل اینڈ کریسچین ریسرچ سینٹر کی دعوت پر آئے امریکی وفد کے خلاف فلسطینیوں نے مظاہرہ کیا۔ جیسے امریکی وفد ریسرچ سینٹر کے باہر پہنچا تو وہاں پر موجود فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے امریکی وفد پر گندے انڈے، ٹماٹر اور جوتے پھینکے۔ امریکی وفد کو فلسطینی مظاہرین نے سخت مشکل میں ڈال دیا۔ اس موقع پر موجود فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت پولیس نے امریکیوں کو تحفظ فراہم کیا۔ بعدازاں فلسطینی اور اسرائیلی پولیس کی سیکیورٹی میں امریکی وفد کو وہاں سے نکال کر القدس منتقل کر دیا گیا۔