منفی سیاست کے علمبردار نے اپنے صوبہ میں عوام کی کوئی خدمت نہیں کی‘ بے نقاب ہو چکے: شہباز شریف
لاہور (صباح نیوز/آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ منفی سیاست کے علمبرداروں نے اپنے صوبے میں عوام کی خدمت نہیں کی، نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں، باشعور عوام نے ہمیشہ خدمت کرنے والوں کو آنکھوں پر بٹھایا ہے۔لاہور میں منتخب نمائندوں سے گفتگو کے دوران وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے گزشتہ ساڑھے 9 برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کے لئے اپنا خون پسینہ بہایا ہے اور ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کے لئے ہرممکن اقدامات کیے۔شہباز شریف نے کہا کہ نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں، عوام بخوبی جانتے ہیں کہ منفی سیاست کے علمبرداروں نے اپنے صوبے میں بھی عوام کی کوئی خدمت نہیں کی، دھرنا دینے والوں نے ملک وقوم کا قیمتی وقت ضائع کیا۔ باشعور عوام نے ہمیشہ خدمت کرنے والوں کو آنکھوں پر بٹھایا ہے۔ دریں اثنا وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت سینئر بیوروکریٹ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقعہ پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے چھوٹے بھائی صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آج کے ملکی حالات میں تمام سیاستدانوں اور پارٹی ورکرز میں قوت برداشت کی ضرورت ہے۔ موجودہ صورتحال تحمل اور برداشت کی متقاضی ہے۔ خوشحالی کے سفر کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ سعد رفیق کا کہنا تھا شہبازشریف نے عوامی خدمت کے اعلیٰ ریکارڈ قائم کرکے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ حالات جیسے بھی ہوں پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کا کام جاری رکھے گی۔