مدعی یا حکمران نہ بنو،اتنی خطرناک لڑائیاں مت لڑو پاکستان کا نقصان ہو مریم نواز
سرگودھا (نامہ نگار) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف پر مقدمہ بیٹی سے تحفے لینے پر چلا یا گیا اور سزا بیٹے سے فرضی تنخواہ نہ لینے پر دی گئی ،واہ واہ !شاباش منصفوں شاباش،کیسا انصاف کیا ہے ،احتساب کرو استحصال نہ کر و،منصف بنو مدعی یا حکمران نہ بنو،قوم اداروں کی عزت کرنا چاہتی ہے ،اتنی خطرناک لڑائیاں مت لڑو کہ پاکستان کا نقصان ہو۔ سرگودھا میں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا اس انتقام کا شکریہ کیونکہ اس نے نواز شریف کو مضبوط اور مسلم لیگ (ن) کو متحد کیا ہے۔ جس طرح عوام نے نوازشریف کا مقدمہ لڑا اس کا مطلب وہ بے گناہ ہیں ،نواز شریف کے اثاثے نہ دکھائو، کوئی کرپشن کی ہے تو وہ دکھائو۔ انہوں نے کہانواز شریف کے خلاف ڈیڑھ سال سے مقدمہ چل رہا ہے، آج تک کسی جج نے نہیں کہا نواز شریف نے کرپشن کی ہو۔جب نواز شریف کے کروڑوں ووٹرز کے ساتھ زیادتی ہوئی تو اس پر یہ اعتراض بھی لگا یا گیا کہ عوامی عدالت میں کیوں جا رہا ہے ،منصف کہہ رہے ہیں ۔ نواز شریف عوامی عدالت سے فیصلے کیوں لے رہا ہے ،جب مشرف نے ججوں کو گھر بھیج دیا تو منصف اپنے آپ کو بحال کرانے کے لیے عوامی عدالت میں گئے تھے ۔ وہ ٹھیک ہے تو نواز شریف کا عوامی عدالت میں جانا غلط کیوں ہے، مریم نواز نے کہا عوام قانون کے رکھوالوں کے لیے باہر نکلے تو اچھی بات ہے لیکن اپنے رکھوالے کے لیے نکلے تو توہین ہو جاتی ہے، انہوں نے کہا اگر کسی مقدمے میں ملزم کو یہ شک ہو جائے کہ منصف انصاف نہیں کر سکتا یا بغض رکھتا ہے تو مغربی ممالک میں جج اخلاقی طور پر اس مقدمے سے علیحدگی اختیار کرلیتے ہیں لیکن یہاں تو پانچ رکنی پاناما بینچ ہر وقت نواز شریف کے خلاف تیار کھڑا رہتا ہے ،سپریم کورٹ کے 17ججز میں سے 7جج صرف نواز شریف کا مقدمہ سن رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ نیب چوری چھپے گواہ کو ہمارے خلاف تیار کر کے عدالت لے آئی لیکن اللہ کا کرنا ہوا وہ ہمارے حق میں ہی گواہی دے کر چلا گیا ،اب لاڈلا بھی کہہ رہا ہے پاناما کیس میں سپریم کورٹ نے یہ کیا فیصلہ دیا ہے ،بد ترین مخالفین کو نظر آگیا قوم نے فیصلہ نہیں مانا، مریم نواز نے کہا انتقام کا شکریہ کیو نکہ اس سے نواز شریف عوام کے پاس واپس آگیا ،پارٹی مضبوط اور متحد ہو گئی، کمپنی باغ میں منعقدہ سوشل میڈیا کنونشن سے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری حامد حمید، ممبران صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز ، عبدالرزاق دھلوں اور میئر سرگودھا ملک اسلم نویدنے بھی خطاب کیا، اس موقع پر مریم نواز کی تاج پوشی کی گئی، مئیر ملک اسلم نوید کی طرف سے انہیں سونے کا تاج پہنایا گیا جو انہوں نے یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے سرگرم ادارہ کو عطیہ کردیا، اس موقع پر مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما پرویز رشید، دانیال عزیز اور مصدق ملک بھی موجود تھے۔ مریم نواز نے کہا ہے آئین پاکستان کہتا ہے اللہ تعالیٰ کے بعد حاکم عوام ہیں ٗ اپنا اپنا کام کرو ٗ مدعی اور حکمران نہیں منصف بنو ٗحکومت چلانا عوام پر چھوڑ دو ٗ مقدس اداروں کو سیاسی لڑائی میں مٹ گھسیٹو ٗ ہم نے بجائے غلطیوں سے سیکھنے کے مسلم لیگ(ن) کو سینٹ کے الیکشن سے اٹھا کر باہر پھینک دیا ٗعوام کی رائے پر اپنی رائے بندوق یا قلم کے ذریعے نافذ کرنا بدترین آمریت ہے ٗنوازشریف دلوں میں بستا ہے ٗ ان عقلمندوں کو سمجھائیں نوازشریف کو کسی سٹمپ کی ضرورت نہیں ٗ نواز شریف کو دلوں اور سیاسی طور پر نکالنے کیلئے کروڑوں لوگوں کو بھی نا اہل کرنا پڑیگا ٗنواز شریف عدلیہ بحالی کیلئے تحریک چلائے تو جائز ہے ٗ اپنے ووٹوں کے تقدس کیلئے عوام میں جائے تو غلط ہے ٗواہ ٗ سپریم کورٹ کے 7 ججز نواز شریف کے مقدمے سن رہے ہیںلیکن ہزاروں اور لاکھوں کی تعداد میں عوام انصاف کے منتظر ہیں ۔انہوںنے کہا کہ آپ سب کی محبتوں اور شفقوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔سرگودھا شہر سے بہت ساری محبتیں اور شفقتیں سمیٹ کر جارہی ہوںیہ ساری زندگی یاد رہے گا۔انہوںنے کہا آپ کی بیٹی اور بہن مریم نواز آپ کی عدالت میں نوازشریف کا مقدمہ نہیں بلکہ پاکستان کا مقدمہ لیکر آئی ہے ۔ پاکستان میں کیا ہوہا ہے ٗہم کیا دیکھ رہے ہیں۔ مریم نواز کے خطاب کے دوران ’’آئی لو یو میاں صاحب‘ وزیراعظم نوازشریف‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔ اپنے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا میاں صاحب آج ضرور ٹی وی دیکھ رہے ہونگے۔ میاں صاحب اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں‘ سرگودھا کے عوام کہہ رہے ہیں ’’میاں صاحب آئی لو یو‘‘ اپنے خطاب کے اختتام پر مریم نواز نے ’’وزیراعظم نوازشریف‘‘ کے نعرے لگوائے۔ مریم نواز نے خطاب کے اختتام پر شرکاء کو تلقین کرتے ہوئے کہا وہ سوشل میڈیا پر اپنے قائد میاں محمد نوازشریف کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا جن کے سوشل میڈیا اکائونٹ نہیں‘ وہ اپنے اکائونٹ بنا کر نوازشریف کے قد کو بڑھائیں۔ جلسے کے آخر میں مریم نواز نے نعرے لگوا کر شرکاء کے جوش کو ہوا دی تو فضا وزیراعظم نوازشریف کے نعروں سے گونج اٹھی۔
مریم نواز