چیئر مین نادرا کاعام شہری بن کر دفاتر کے دورے قابل تحسین ہیں‘ سیاسی ومذہبی رہنما
کر اچی ( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین کی جانب سے مختلف نادرا سینٹر زکے ہنگامی دورے اورعام شہری بن کر عملے کی کارکردگی کاجائز ہ لینا قابل تحسین عمل ہے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے چیئر مین نادرا عثمان یوسف مبین کے عام شہری بن کر قطار میں کھڑے رہنے کے عمل کوقابل تحسین قرار دیا اور کہاکہ نادرا کے چیئرمین نے خود نادرا کی اصل کارکردگی کااندازہ لگالیا ہے ‘ جماعت اسلامی عوامی شکایات پر مبنی جو مطالبات کررہی تھی آج اس کی تصدیق ہوگئی ہے ‘انہوں نے کہا کہ نادرا کے عملے نے شہریوں کی تذلیل اور شناختی کارڈ بنانے میں لیت ولعل کارویہ اختیار کیا ۔ نظریہ پاکستان تحریک کے بانی و چیئر مین ارشد تقی نے چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین کی جانب سے نادرا سینٹر کے دورے کوسراہا اورکہا کہ اس سے شہریوں کوشناختی کارڈ کے حصول میں مشکلات حل کرنے میں مدد ملے انہوں نے کہا کہ مشرقی پاکستان ہجرت کرنے والے محب وطن بہاری جنہوں نے پاکستان کی خاطر سب کچھ قربان کردیا آج نادرا کاعملہ سب سے زیادہ ان لٹے پٹے خاندانوں کوتنگ کررہاہے مسلم لیگ ن اسٹوڈنٹس فیڈریشن ( ایم ایس ایف) کے سابق سیکریٹری خلیل ستی نے کہاکہ چیئرمین نادرا کے اقدام سے نادرا میں کرپشن کاخاتمہ ہوگا کراچی کے شہری بالخصوص بہاری پختون اور پاکستانی بنگالیوں کوریلیف ملے گا ‘ محبان پاکستان تحریک کے سیکریٹری جنرل ممتاز حسین انصاری نے چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں سب سے زیادہ مشرقی پاکستان سے ہجرت کرنے والے بہاری خاندارن متاثر ہیں انہوں نے کہاکہ بہاریوں کے شناختی کارڈ کا حصول آسان بنانے کیلئے سٹیزن ایکٹ کے آرٹیکل16-A پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے چیئرمین نادرا سے اپیل کی کہ بہاری خاندانوں کے بلاک شناختی کارڈ بحال کئے جائیں ۔