لاہور (لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر برائے بہبود آبادی پنجاب نیلم جبار چودھری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے مفاہمت کی سیاست کو رواج دیا اور پنجاب حکومت نے شامل ہونے کے باوجود اپوزیشن کی طرح بے اختیار رہی اس کے باوجود اگر مسلم لیگ (ن) ہمیں نکال کر ”سولو فلائٹ“ چاہتی ہے تو پھر ”دمادم مست قلندر“ سمیت کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 18ویں ترمیم کی خلاف ورزی اور میثاق جمہوریت کی دھجیاں اڑانا چاہتی ہے۔ نواز شریف نے (ق) لیگ کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کے عمل پر لعنت بھیجی، بتایا جائے کہ اب اس پارٹی کے فارورڈ بلاک کو کیوں ساتھ ملایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یونیفکیشن گروپ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے یہ مفاد پرست ٹولہ ”آمر“ کے ساتھ مل کر موجیں کرتا رہا۔ اب تین برسوں سے پنجاب میں ہر طرح کے فوائد حاصل کر رہا ہے۔ اگر وہ اپنی پارٹی (مسلم لیگ ق) سے مخلص ہوتے تو کبھی منسٹریوں کے لالچ میں پنجاب حکومت کے ساتھ نہ ملتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ”سیاسی یتیم“ تین برسوں سے منسٹریوں کی ”تاک“ میں تھے مگر پیپلزپارٹی نے انہیں موقع نہیں دیا تاہم اب مسلم لیگ (ن) کی طرف سے لوٹا کریسی کو فروغ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خود تو سیاسی اصولوں پر عمل نہیں کرتی صرف یکطرفہ شور مچاتی ہے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024