ملکی ترقی میں طلباء کا کردار کلیدی، تعلیم پر خصوصی توجہ دینی ہو گی، وزیراعلیٰ سندھ

Dec 25, 2024

سکھر(بیورو رپورٹ)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کا شمار دنیاکی بہترین یونیورسٹیز میں ہوتا ہے،یونیورسٹی کے بانی وائس چانسلر مرحوم نثار صدیقی کہ خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکتی۔سندھ حکومت تعلیم کے شعبہ میں انویسٹمنٹ کررہی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے  آئی بی اے یونیورسٹی سکھر میںمنعقد 11 ویں کانووکیشن تقریب سے خطاب کے دوران کیا ، ان کا کہنا تھا کہ آئی بی اے سکھر 1994 میں دو کمروں سے شروع ہوئی۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ مستقبل کے معماروں اور روشن پاکستان کیلئے تعلیم پر خصوصی توجہ ہے۔پاکستان کا مستقبل تعلیم کے فروغ میں ہے۔ہمیں فخر ہے آئی بی اے یونیورسٹی میں ملک بھر سے طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں۔تعلیم کے فروغ کیلئے سندھ حکومت آئی بی اے یونیورسٹی سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔طلبہ و طالبات اپنے شہر صوبہ ملک اور خاندان کے بہتر مستقبل کیلئے محنت کریں۔طلباء و طالبات کا ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نثار احمد صدیقی اور سید خورشید احمد شاہ کی محنت کا نتیجہ ہے کہ آئی بی اے یونیورسٹی اونچے مقام پر ہے.قمبر شہداد کوٹ میں بھی آئی بی ای کا کیمپس کھولنے جا رہے ہیں،آئی بی اے سندہ کی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے، یونیورسٹی کے شاگردوں نے جو آج ڈگری حاصل کی ہے وہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

مزیدخبریں