پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ہفتہ 26 دسمبر سے ماونٹ منگنوئی میں شروع ہوگا۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق میچ رات تین بجے شروع ہوگا.جمعہ کے روز پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے ردھم حاصل کرنے کے لیے بھرپور پریکٹس سیشن کیا۔
جس میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس کی۔ اس موقع پر سابق کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں شامل کھلاڑی نیوزی لینڈ کو ٹف ٹائم دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، میچ میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز ہمیشہ سے ایشین سائیڈز کے لیے چیلنجنگ رہتی ہیں، ان کنڈیشنز میں ہمارے باولرز کا کردار اہم ہے۔ اظہر علی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ فارمیٹ کے تجربہ کار باولرز کی موجودگی سے ہمیں فائدہ ہوگا، زیادہ دیر کریز پر وقت گزاریں گے تو رنز بنیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اس سے قبل ہونے والی تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز دو ایک سے میزبان ٹیم نے اپنے نام کی تھی۔