حکومت کی طرف سے مریم نواز کے باہر جانے کی امید ہوتی تو عدالتوں سے رجوع نہ کرتے:مریم اورنگزیب
مسلم لیگ( ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ کے رہنما اور سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے کیس میں حکومت نے ایک ادارے کو استعمال کیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ رانا ثنااللہ کے خلاف حکومت نے ایک ادارے کواستعمال کیا لیکن ثبوت پیش نہیں کیے، حکومت کی طرف سے مریم نواز کے باہر جانے کی امید ہوتی تو عدالتوں سے رجوع نہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیرمیمن کے دبائو سے متعلق بیان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، بشیر میمن نے بیان دیا تھا ان پر راناثنا اللہ ، احسن اقبال سمیت دیگر رہنمائوں کی گرفتاری کا دبائو ہے، احسن اقبال کو اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام پر گرفتار کیا گیا، سعد رفیق، سلمان رفیق، حمزہ شہباز، شاہد خاقان کے جیل جانے سے عمران خان آپ لائق نہیں بن سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ پندرہ ماہ پہلے ملک میں خوشحالی تھی، آج ملک کو بند کردیا گیا ہے اور پارلیمان کو تالا لگا دیا گیا، ہر وہ کام کیا جارہا ہے جو قائداعظم کو اصولوں کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ اب نہیں چلے گا، جو لوگ رانا ثنا اللہ پر جھوٹے الزامات لگاتے تھے وہ اپنا قلمدان واپس کر یں۔انہوں نے کہا کہ ابھی خبر ملی ہے کہ مریم نواز کے کیس کا بینچ تحلیل ہوگیا ہے ، امید ہے ہمیں عدالت سے انصاف ملے گا، ایک دفعہ پھر گرفتاریوں کا تسلسل شروع ہوا ہے، اس لیے کہ سلیکٹیڈ کی چھٹی ہونے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ خبر ہے کہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سے 6 لاکھ لوگوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ملک اور قوم کے محافظ ہیں، حکومت آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر قانون سازی کی ٹھیکے دار نہ بنے، سپریم کورٹ نے پارلیمان کو قانون سازی کے لیے کہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے جمہوریت کی حکمرانی اور قانون کی بالادستی کے لیے پاکستان بنایا، قائد کا پاکستان امانت کے طور پر نوازشریف کو ملا، نوازشریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور سی پیک دیا جسے اب تالا لگ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر ملک بند کرنے والوں کی دھمکیاں دینے والوں نے سچ مچ پاکستان بند کر دیا، سی پیک لانا اختیارات سے تجاوز ہے تو ایسا کرتے رہیں گے، نارووال میں اسپورٹس اسٹی بنانے پر احسن اقبال کو سزا دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز اپنے والد کی تیمارداری کے لیے جانا چاہتی ہیں، مریم نواز کو روکنے کے لیے کابینہ کا اجلاس ہوتا ہے تاہم مہنگائی، لوڈشیڈنگ کے خلاف کابینہ کا اجلاس نہیں ہوتا، امید ہے مریم نواز کو انصاف ضرور ملے گا۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں بھی پرچی صرف ن لیگ کی تھی لیکن آر ٹی ایس بیٹھ گیا، عمران خان نے لوگوں کو 50 لاکھ گھر دینے تھے، لوگوں سے گھروں کے کرائے بھی نہیں دیے جا رہے۔ پرویزمشرف کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ا نہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں، یہ جمہوریت کیلئے نئے دور کا آغاز ہے۔