محکمہ صحت کے افسران ڈینگی کے خاتمے کیلئے سر توڑ کوششیں کریں : تنویر یزداں
خانیوال(نامہ نگار) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر یزداں نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کے افسران ڈینگی مچھر کے جڑ سے خاتمے کیلئے سر توڑ کوشش کریں اور محکمہ صحت سمیت دیگر سرکاری محکموں کی سرویلینس ٹیمیں انسداد ِ ڈینگی کیلئے تسلسل کے ساتھ سرگرمیاں جاری رکھیں۔یہ بات انہوں نے انسداد ِ ڈینگی بارے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کہی جو اُن کی صدارت میں ہوا۔انسدادِ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر محکمہ ماحولیات،میونسپل کمیٹیز،صحت اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے 469 نوٹسز کا اجرائ،8 ایف آئی آرز کا اندراج اور سات افراد کی گرفتاری سمیت ایک لاکھ اکیس ہزار روپے جرمانہ کیا۔دریں اثناء اے ڈی سی آر تنویر یزداں نے اراضی ریکارڈ سنٹر اور تحصیل آفس کا اچانک معائنہ کیااراضی سنٹر پر انہوں نے انتظامی اُمور اور لوگوں کو دی جانے والی سروسز کا تفصیلی جائزہ لیاجبکہ تحصیل آفس میں ریکارڈ کی چیکنگ کی اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔