راولپنڈی: نوازشریف نےاڈیالہ جیل میں آج صبح کا آغاز فجر کی نماز سے کیا اور ناشتے میں چائے کے ساتھ رس کھائے۔
اڈیالہ جیل انتظامیہ نے نوازشریف کو سالگرہ کی مبارکباد بھی دی۔
واضح رہے کہ جیل انتظامیہ کے مطابق نواز شریف کو آج پی آئی اے کی پرواز پی کے 651 سے لاہور منتقل کیا جا رہا ہے، سابق وزیر اعظم نواز شریف نیب حکام کی نگرانی میں صبح 9:30 پر لاہور روانہ ہوں گے۔
نواز شریف کو اڈیالہ سے لکھپت جیل منتقل کرنے کے لیے خصوصی اسکواڈ ان کے ساتھ رہے گا۔
نواز شریف کی منتقلی کے لیے سیکیورٹی اسٹاف، جیمر گاڑی اور بکتر بند گاڑی اڈیالہ جیل پہنچا دی گئی ہیں جب کہ اڈیالہ کے باہر پولیس کی مزید نفری تعینات کردی گئی ہے۔
نوازشریف کو ممکنہ طور پر نیو اسلام ایئرپورٹ یا نور خان ایئر بیس سے لاہور منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو گزشتہ روز محفوظ فیصلے پر العزیزیہ ریفرنس میں سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں بری کردیا گیا تھا۔
سابق وزیراعظم پر العزیزیہ ریفرنس میں قید کے علاوہ تقریباََ ایک ارب 50 کروڑ روپے کا جرمانہ اور جائیداد کو بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
فیصلے کے بعد نواز شریف کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی کہ انہیں اڈیالہ جیل کے بجائے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جائے، جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرنے کے کچھ ہی دیر بعد سنایا اور سابق وزیراعظم کی درخواست منظور کر لی۔