بانی پاکستان حضرت قائد اعظم ؒ کا 140واں یوم ولادت آج منایا جائیگا، افکار قائد فکر و عمل کا پیغام ہیں، صدر ، گورنر وزیر اعلیٰ پنجاب ، شجاعت کے پیغام
لاہور( خصوصی رپورٹر) بانی پاکستان حضرت قائد اعظم ؒ کا 140واں یوم ولادت آج اتوار کو لاہور سمیت ملک بھر میں منایا جائیگا۔ ملک میں تقریبات کا انعقاد ہو گا اور سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے۔ اپنے پیغام میں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ افکار قائدؒ ہمیں فکرو عمل کی یکجائی کا پیغام دیتے ہیں ، عزت نفس اور نظریاتی اساس پر ثابت قدمی سے جمے رہنما قائد اعظم کی شخصیت کا نمایاں پہلو تھا ، فکر قائد کی روشنی میں بتائے اصولوں پر پیش قدمی کی جائے تو قیام پاکستان کی طرح تعمیر پاکستان کی منزل بھی یقینا سر ہو جائیگی۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزادی کی طویل جدو جہد میں قائد اعظم کی شخصیت اور ولولہ انگیز قیادت روشنی کے ایک بلند مینار کی حیثیت رکھتی ہے اور یہ روشنی ہے جس سے آج پاکستان کو حقیقی طور پر منور کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ یہ دن پاکستان میں بسنے والوں کو اس بات کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگی کہاں تک بانی پاکستان کے بتائے ہوئے اصولوں سے ہم آہنگ ہے۔چودھری شجاعت حسین اور مونس الٰہی نے یوم قائد اعظم ؒ پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادرِ وطن کو بانی پاکستان کے خوابوں کے مطابق اسلامی فلاحی مملکت اور امن و خوشحالی کا مثالی مرکز بنانے کیلئے ہر پاکستانی کو اسی جذبے اور عمل کا مظاہرہ کرنا ہو گا جو محمد علی جناحؒ کی قیادت میں تحریک پاکستان کے دوران سامنے آیا تھا۔