وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی، یو اے ای مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خانیوال کا دورہ کیا انہوں نے جنوبی پنجاب کے نومنتخب عہدیداروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پانچ اگست کے بعد پوری دنیا بھارت کے اقدام کے خلاف ہو چکی ہے۔ بھارت میں مودی سرکار کے خلاف دھڑے بندیاں ہو چکی ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ غاصب مودی سرکار نے کشمیریوں کو نماز عید نہیں پڑھنے دی اور نماز جمعہ کے موقع پر بھی مساجد میں تالے لگائے گئے۔ ان اقدامات سے بھارت کی اقلیتی نسل کشی کا چہرہ سامنے آ چکا ہے۔
وزیر خارجہ نے سکھ برادری کو پیغام دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ہم کرتارپور راہداری کھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں مندروں کے تقدس اور ہندو اقلیت کو آئین پاکستان کے مطابق حقوق دے رہے ہیں۔
انہوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشا اللہ کشمیری عوام کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور وہ آزادی کی نعمت سے مالامال ہونگے۔
انہوں نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کا ہمدرد ہے اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کا حامی ہے، عمران خان کا وژن ملک کی معیشت کو بہتر کرنا اور دنیا بھر میں پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔