عرب امارات میں مودی کو ایوارڈ ملنے سے مایوسی ہوئی اگر بھارت نے ہماری طرف انگلی اٹھائی تو اس کے ہاتھ توڑ دیں گے: فواد چوہدری
عرب امارات میں مودی کو ایوارڈ ملنے سے مایوسی ہوئی اگر بھارت نے ہماری طرف انگلی اٹھائی تو اس کے ہاتھ توڑ دیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کا سفارتی اور سیاسی نظریہ بالکل صحیح ہے، ہم درست طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں، وزیراعظم کا دورہ امریکا بہت سود مند رہا، سلامتی کونسل نے کشمیرکو بھارت کا اندرونی معاملہ تسلیم نہیں کیا، امریکی صدر نے عمران خان اور مودی سے 2،2 بار بات کی، ٹرمپ نے کہا کہ وہ فرانس میں بھارت کے ساتھ معاملہ اٹھائیں گے۔ وزیراعظم 27 ستمبر کو یو این کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دو ایٹمی طاقتیں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑی ہیں، بھارت امن چاہتا ہے تو امن دکھائیں گے، جنگ چاہتے ہیں تو اس کے لیے بھی تیار ہیں، بھارت سے تین جنگیں لڑچکے، چوتھی کے لیے بھی تیار ہیں، ہمارا بچہ بچہ جنگ کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے، آپ ہمیں مکا دکھائیں گے تو ہم آپ کا جبڑا توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ایک لکیر کھینچ کر کشمیر کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی جانیں دے کر قربانیوں کی طویل داستان رقم کی ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آپ یہ نہ دیکھیں عرب ریاستیں کیا کریں گی، یورپی ریاستیں کیا کریں گی یا امریکا کیا کرے گا۔
انہوں نے کہا ہمیں اس نکتہ نظر سے باہر آنا چاہیے کیونکہ اقوام کو اپنی جنگیں خود لڑنا پڑتی ہیں۔وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے خبردار کیا کہ اگر بھارت انگلی دکھائے گا تو پاکستان ہاتھ توڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے، مکا دکھانے پر بھارت کا جبڑا توڑ دیں گے۔
فواد چوہدری نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کو کم کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی تو وہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہے، ہم بھی تیار ہیں۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے مزید کہا کہ کشمیر صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے انسانیت کا مسئلہ ہے۔ کشمیر میں کرفیو ہے، لوگوں کو باہر نہیں نکلنے دیا جا رہا، دنیا دیکھ رہی ہے 80لاکھ افراد جیل کی طرح پڑے ہیں، مودی نے مقبوضہ کشمیر میں زندگی تنگ کردی ہے، مودی سمجھتا ہے کہ کشمیر پر لکیر لگانے سےعلاقہ بٹ جائےگا، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل اس لیے بنایا ہوا ہے کہ باہر کی دنیا کو کچھ پتا نہ چلے لیکن مودی بری طرح پھنس گیا ہے۔ عالمی آزاد میڈیا مودی کے اقدامات کو نازی جرمنی سے تشبیہ دے رہا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا میں اب کوئی اسلامی بلاک نہیں رہا، اسلامی ممالک انتشار کا شکار ہیں، یواےای آج جس مقام پر ہے اس میں پاکستان کا بھی کردار ہے، یو اے ای کا مودی کو ایوارڈ دینے سے پاکستان میں مایوسی ہوئی۔
وفاقی وزیرسائنس فواد چودھری نے کہا کہ ہم کشمیر کی بات احساس کی بنیاد پر کرتے ہیں، کسی جگہ پر لکیر لگانے سے علاقہ تقسیم نہیں ہو سکتا، راہول گاندھی کوکشمیر میں نہیں جانے دیا گیا۔ یاسین ملک، میرواعظ عمر فاروق و دیگرکی بہت زیادہ قربانیاں ہیں، غلام نبی آزادکوبھی کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ نریندر مودی کی گردن میں سریا آ چکا ہے، آرمی چیف نے بھی کہا ہم ہرحد تک جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مودی مسئلہ کشمیر میں بری طرح پھنس گیا ہے، مودی ہندوستان میں تنہا ہوتا جائے گا، دنیا دیکھ رہی ہے 80 لاکھ لوگ بڑی جیل میں پڑے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں مودی کو ایوارڈ ملنے سے مایوسی ہوئی ہے۔ بھارتی وزیراعظم کو ایوارڈ ملنا پاکستان کی سفارتی کمزوری نہیں، عرب ممالک اور ایران کے مودی سے تعلقات ہیں، اپنی قوم سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کی سربراہی میں کشمیر کمیٹی پر 3 سال میں کروڑوں خرچ ہوگئے۔ مولانا فضل الرحمان کے لئے اسلام نہیں اسلام آباد اہم ہے، وہ لاکھوں لوگ لے کر اسلام آباد کی طرف آنا چاہتے ہیں لیکن کشمیر کی طرف کیوں نہیں جاتے۔ کھالوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، مولانا فضل الرحمان اگلے دو سال میں ویسے ہی فارغ ہو جائیں گے۔
نواز شریف کے معاملے میں فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف کا مسئلہ صرف اپنے بچوں کے ساتھ ہے، ان کا مسئلہ یہ ہے کہ حسن اور حسین نواز پیسے لے کر باہر بیٹھ گئے ہیں، دونوں بیٹے پیسے بچانے کے لیے نواز شریف اور مریم نواز کو رہا نہیں کرارہے، نوازشریف اور مریم نواز بتادیں کہ پیسے کیسے آئے تو کل رہا ہوجائیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف، زرداری اوربچوں سےجھگڑا پیسےواپس کرنےکاہے، یہ لوگ پلی بارگین کی طرف چلےجائیں تومعاملہ خود بہ خود حل ہوجائےگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بچے اپنے ابوؤں کو بچانےکے لیے تو تیار مگر پیسےدینےکوتیارنہیں، اصل جھگڑا اب پیسوں پر ہے، دونوں نے بچوں کوپیسے دینے پر راضی کرلیا تو معاملہ حل ہوجائےگا، نوازشریف کااصل مسئلہ ہےکہ پیسےحسن،حسین لیکربیٹھےہیں، اگر وہ واپس کردیا جائے تو معاملہ حل ہوجائے گا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کےخلاف مضبوط شواہد ہیں،بینکنگ ٹرانزیکشنز ہیں، آصف زرداری کے5ہزاراکاؤنٹس نکلے ہیں، اس کی مبارک باد مسلم لیگ ن کو دینا چاہیے کیونکہ اُس وقت کے وزیرداخلہ چوہدری نثار نے تحقیقات شروع کرائیں تھیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں پناہ گاہوں کانظام کامیابی سےچل رہا ہے، گمشدہ بچوں کا ڈیٹا موبائل ایپ پرموجودہے، ہم ساری چیزوں کو اسٹریم لائن کررہے ہیں کیونکہ احساس پرمبنی معاشرےہی ترقی کرتےہیں۔