گندم ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ
کراچی (نوائے وقت نیوز)سندھ حکومت کی جانب سے گندم کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس سلسلے میں سندھ کے6 ڈویژن کے تمام کمشنرز کو واضح ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔ محکمہ خوراک کے ایڈیشنل سیکریٹری محمد خالد خان کے دستخط سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ محکمے نے ہر ڈویژن میں چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی ہے جو متعلقہ ڈویژن کے کمشنر کے ساتھ مل کر گندم ذخیرہ کرنے والے مل مالکان اور دیگر ذخیرہ اندوزوں کیخلاف چھاپہ مار کارروائی کریگی۔