سندھ حکومت عوام پربم گرا نے کی تیاری کر رہی ہے،متحدہ پاکستان
کراچی (اسٹاف رپورٹر )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے واٹر بورڈ کی جانب سے،27 فیصد اضافی بل عوام پر مسلط کرنے کی گھناؤنی سازش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لوگ پہلے ہی پانی کے بوند بوند کو ترس رہیں ہیں جبکہ سندھ حکومت عوام کے اوپر بم گرا نے کی تیاری کر رہی ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے من پسند افسران کو علاقوں میں مسلط کر کے ناجائز کنکشن کی مد میں لاکھوں روپے وصول کر رہی ہے اور دوسری جانب اتنی مہنگائی ہونے کے باوجود غریب اور متوسط طبقے کے لوگ اضافی بلوں کی ادائیگی سے پریشان ہیں۔رابطہ کمیٹی نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی کی متعصب سندھ حکومت اقتدار کے نشہ میں اندھی ہو چکی ہے اس کے اس اقدامات کو روکا نہیں گیا تو عوام خود اپنا فیصلہ کرنے پر حق بجانب ہونگے۔دریں اثنائمتحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین اسمبلی نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور 53اشیاء کی قیمتوں میں بار بار اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے بڑھتے طوفان نے عوام کو بد حال کردیا ہے۔ پیاز، گڑ، چینی، انڈے اور گندم سمیت متعدد اشیاء مہنگی ہونے سے عام آدمی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ جبکہ دودھ، سبزیوں اور ڈبل روٹی کی قیمتوں میں بھی غیر اعلانیہ اضافہ کردیا گیا ہے۔ اراکین اسمبلی نے کہا کہ حکومت قیمتوں میں استحکام لیکر آئے۔ ہر ہفتہ مہنگائی کی بڑھتی شرح عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے۔ وفاقی حکومت عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی کے لئے سہولیات پیکیج کا اعلان کرے۔ روزمرہ کی اشیاء کی قیمتوں،میں مذید اضافے سے اجتناب کیا جائے۔ غیر اعلانیہ دودھ، ڈبل روٹی اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے پر کمشنر کراچی و انتظامیہ اقدامات کرے تاکہ گراں فروشی پر قابو پایا جاسکے۔