عقیدہ ختم نبوت ایمان کی بنیاد ہے،پیرسیدعرفان مشہدی
کراچی (سٹی نیوز)مرکزی جماعت اہلسنت کراچی کے تحت تاجدار ختم نبوت کانفرنس سے ناظم اعلیٰ مرکزی جماعت اہلسنت پاکستان پیر سید عرفان مشہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا اہل اسلام کے مسلمہ عقائد میں تشکیک و افترا ق کے بیج بونے اور راسخ العقیدہ مسلمانوں کو اپنے دام فریب میں مبتلا کرکے کفر و الحاد کی راہ پر لگانے کی ابلیسی سازشیں روز اول سے جاری ہیں۔ دجل و فریب کا کوئی حربہ ایسا نہیں جو مسلمانوں کے ایمان پر ڈاکہ ڈالنے کے لئے استعمال نہ کیا جاتا ہو۔ مرزا قادیانی سے لیکر مرزا مفرور (مسرور) تک ہر ایک نے سازشوں کے جال بنے۔ یہود و ہنود‘ نصرانی ولبرل بلکہ ہردسیسہ کار ان کی پشت پہ ہے۔ حالات اس بات کی غمازی کررہے ہیں الفکر ملتہ واحدۃ کے مصداق ملت کفر امت مسلمہ کے ایمان پر ڈاکہ ڈالنے کی جو مذموم کوششیں کررہی ہے ہم سب کو مل کر ان کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ دشمنان اسلام73 ء کے آئین پاکستان میں موجود اسلامی شقوں کے خلاف شروع دن سے سازشیں کررہے ہیں۔ باالخصوص1974ء میں جب قادیانیوں‘ مرزائیوں اور لاہوری گروپ کو آئینی طور پر غیر مسلم قرار دیا گیا تو ان سازشوں میں شدت آگئی۔ اسلام سے الرجک طبقہ اور قادیانی عرصہ دراز سے آئینی شقوں کو تبدیل کرنے کے خواب دیکھتا آرہا ہے۔295 سی اور امتناع قادیانیت آرڈیننس ان کا خاص ہدف رہے ہیں۔ سید الاولین و لاآخرین خاتم النبینؐ کی شام رفیع‘ ختم نبوت پر سچے دل سے ایمان لانے والے ہر مسلمان سیاسی‘ سماجی ورکر ہو یا تعلیمی و تجارتی شعبے سے وابستہ عسکری شعبہ سے متعلق ہو یا سول سرونٹ شہری ہو یادیہاتی کو عقیدہ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت کے لئے ہوشیار و بیدار رہنا چاہئے۔ عقیدہ ختم نبوت ایمان کی بنیاد ہے یہ طبقہ اسلام اور پاکستان کا وفادار نہیں ہوسکتا اس اجتماع کی وساطت سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ حساس کلیدی عہدوں سے قادیانیوں کو فوری الگ کیا جائے۔ پیر عبدالخالق قادری نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی ہے کراچی کی دو بارشوں نے کارکردگی کا پول کھول دیا ہے حکومت اپنی اصلاح کرے ورنہ فی الفور مستعفی ہوجائے۔ مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ اس وقت اہل اسلام چاروں طرف سے کفر وطغیان کے نرغے میں ہیں واحد اسلامی ایٹمی قوت پاکستان کو جس طرح معاشی و سماجی اعتبار سے تنہا کیا گیا وہ ناقابل بیان ہے۔