لاہور سمیت پنجاب بھر میں بھتہ مافیا کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ
لاہور(صباح نیوز)لاہور سمیت پنجاب بھر میں بھتہ مافیا کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب پولیس نے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور، پنجاب کے تمام ریجنل پولیس افسران، پنجاب کے تمام سٹی پولیس افسران اور پنجاب کے تمام ضلعی پولیس افسران سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ بھتہ خوروں کے خلاف تفصیلات 15روز میں بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ پولیس ذرائع نے نجی ٹی وی کو بتایا ہے کہ بھتہ مافیا کے خلاف چند روز میں بڑا کریک ڈائون کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب پولیس نے ریجنل اور ضلعی پولیس افسران سے یکم جون 2018سے 11جون 2019تک بھتہ خوروں کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات ، ملزمان کی تفصیلات بمعہ پتہ، کتنی شکایات درج کروائی گئیں اور ان پر مقدمات کیوں درج نہیں کئے گئے، کتنے ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے، ملزمان اور مدعیوں کے درمیان سمجھوتہ ہونے کی تفصیلات اور کتنے ملزمان کو بدمعاشوں کی ٹاپ 20 کی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے اس حوالہ سے تمام تر تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ آئی پنجاب پولیس نے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور، پنجاب کے تمام ریجنل پولیس افسران، پنجاب کے تمام سٹی پولیس افسران اور پنجاب کے تمام ضلعی پولیس افسران سے بھتہ خوروں کے حوالہ سے تفصیلات 15 روز میں بذریعہ ای میل طلب کر لی ہیں۔