وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی دنیا میں ایک بہترین مثال ہے، انتہا پسندی اور عدم برداشت کے بڑھتے رجحانات اور واقعات میں کرتار پور دنیا کو انسانیت اور اختلاف رائے کے احترام اور برداشت کا پیغام دے رہا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرتارپور سکھ برادری کے لئے مقدس مقام ہے۔ سکھ برادری کے مذہبی جذبات کا ہمیں تہہ دل سے احترام ہے۔ پاکستان دنیا بھر اور بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کیلئے کرتار پور راہداری منصوبے کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے تاکہ وہ اپنی مذہبی رسومات پوری آزادی اور سہولت سے ادا کر سکیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ کرتارپور راہداری کایہ منصوبہ مختلف عقائد اور تہذیبوں کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کا بھی باعث بنے گا۔ہمیں پاکستان کے پرچم میں سفید رنگ اتنا ہی عزیز ہے جتنا سبز رنگ۔ پاکستان اور دنیا بھر میں اقلیتوں کے حقوق کے لیے وزیراعظم پاکستان عمران خان پر عزم ہیں۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024