مذاکرات کے بعد اسرائیل نے فلسطینی اتھارٹی کو2 ارب شیکل ادا کردیئے
مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز)فلسطینی اتھارٹی کے شہری امورکی ذمہ دار کمیٹی کے چیئرمین اور اسرائیل کے لیے رابطہ کارحسین الشیخ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے فلسطینی اتھارٹی کو دو ارب شیکل کے ٹیکسوں کی رقم ادا کردی ہے۔ دوسری طرف فلسطینی اتھارٹی نے ایندھن اور بجلی کی مد میں اسرائیل کو دی جانے والی رقم بھی ادا کرنا شروع کردیں۔حسین الشیخ نے ٹویٹر پرپوسٹ ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان پٹرول کے ٹیکسوں کا بحران ختم ہوگیا۔ فریقین کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد اسرائیل نے رام اللہ اتھارٹی کو رقوم کی منتقلی شروع کردی ۔فلسطینی اتھارٹی کو اسرائیل سے پٹرول کی سپلائی بھی شروع کردی گئی ۔ فلسطینی عہدیدار نے کہا کہ مذاکرات کے بعد اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے روکے گئے اربوں شیکل کی ادائیگی کی راہ ہموار ہوگئی ۔