کشمیر جل رہا، پنجاب حکومت جشن منا رہی ہے، اویس لغاری
لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے جنرل سیکرٹری سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ کشمیر جل رہا ہے لیکن پنجاب حکومت جشن منا رہی ہے۔ ملک بھر میں کشمیری بھائیوں کے حق میں ریلیاں نکالی جا رہی ھیں لیکن انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ وزیر اعلٰی پنجاب اپنے آبائی ضلع میں سرکاری وسائل پر ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں ناچ گانے کی محفلیں منعقد کروا رہے ہیں۔ وزیراعلٰی کی اس بے وقوفانہ حرکت نے پورے صوبہ بالخصوص ضلع ڈیرہ غازی خان کے عوام کے سر شرمندگی سے جھکا دیئے ہیں ۔ پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے جنرل سیکرٹری سابق وفاقی وزیر سردار اویس احمد خاں لغاری نے فورٹ منرو میں دو روزہ تحصیل کوہ سلیمان فیسٹیول کے انعقاد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا نااہل سلیکٹڈ حکمرانوں کو اتنی بھی عقل نہیں چند دن پہلے پوری قوم نے جشن آزادی اظہار یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا ہے اور یہ جشن منا رہے ہیں۔