دین اسلام امن و محبت کا درس دیتا ہے : غلام مرتضیٰ شازی

Aug 25, 2018

شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)ممتاز مذہبی سکالر مولانا صاحبزادہ غلام مرتضیٰ شازی نے کہا ہے کہ فلسفہ قربانی ہمیں دوسروں کے ساتھ ایثار کرنے اور اپنی ذات کوخدا کیلئے فنا کرنے کا درس دیتا ہے ، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی ملت اسلامیہ کیلئے واضح پیغام ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کیلئے ایثا اور قربانی جیسے جذبے کو فروغ دیکر اللہ تعالیٰ کا کرب حاصل کرسکتے ہیں، اسلام کا آخری مہینہ بھی قربانی اور پہلابھی قربانیوں سے عبارت ہے آخری مہینہ میں جد امجد حضرت محمد مصطفیﷺ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر اپنے لخت جگر حضرت اسماعیل علیہ السلام کو قربانی کیلئے پیش کیا جبکہ اسلام کے پہلے مقدس مہینہ محرم الحرام میں نواسہ رسول جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین ؓ نے اسلام کی بقاء و سربلندی کیلئے میدان کربلا میں اپنا سب کچھ قربان کر دیا،ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع مسجد پیر بہار شاہ میں عید الضحیٰ کے فضائل کے حوالے سے منعقدہ دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مولانا صاحبزادہ غلام مرتضیٰ شازی نے کہا کہ اسلام دین امن و محبت ہے اور یہ اس بات کا درس دیتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کیلئے اپنا تن ،من ،دھن سب کچھ قربان کردیا جائے، انہوں نے کہا کہ خالق کائنات کو حضرت براہیم علیہ السلام کی قربانی اس قدر پسند آئی کہ اللہ رب العزت نے اِسے قیامت تک کیلئے سنت ا براہیمی بنا دیا۔

مزیدخبریں