اسد جونیجو مسلم لیگ ن میں شامل‘ جلد سندھ جائوں گا‘ الیکشن 2018ء میں بڑی کامیابی حاصل کرینگے: نوازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم نواز شریف سے جاتی عمرہ میں محمد خان جونیجو کے صاحبزادے اسد جونیجو نے ملاقات کی اور مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ نواز شریف نے اسد جونیجو کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے محمد خان جونیجو کی سیاسی خدمات کو سراہا اور ان کے ساتھ بطور صوبائی صدر کام کرنے کے دنوں کی یادیں تازہ کیں۔ اسد جونیجو نے نواز شریف کو دورہ سندھ کی دعوت دی جو نواز شریف نے قبول کر لی۔ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے کہا کہ جلد سندھ کا دورہ کروں گا۔ پاکستان کی دیگر اکائیوں کی طرح سندھ بھی بہت عزیز ہے، وہ سندھی عوام سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں جب بھی سندھ گیا عوام نے بہت پیار دیا۔ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن سندھ سے بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر اسد جونیجو نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اور استحکام مسلم لیگ ن کے استحکام سے وابستہ ہے۔ نواز شریف ہی پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سالمیت کے ضامن ہیں جبکہ سندھ کے باسی اپنے مسائل کے حل کیلئے نواز شریف کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ قبل ازیں میاں نواز شریف کی صدارت میں مشاورتی اجلاس میں شہباز شریف، گورنر سندھ محمد زبیر، وفاقی وزرائ، خواجہ سعد رفیق، پرویز ملک، صوبائی وزیر بلال یٰسین، خواجہ عمران نذیر، سینیٹر پرویز رشید، سینیٹر آصف کرمانی، ماجد ظہور ایم پی اے، میاں مرغوب ایم پی اے و دیگر نے شرکت کی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں بیگم کلثوم نواز کی بیماری کے سبب انتخابی مہم میں غیرموجودگی کے دوران انتخابی مہم کی حکمت عملی طے کی گئی۔ این این آئی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے نواز شریف کو لندن میں زیرعلاج اہلیہ کی تیمار داری کے لئے بیرون ملک جانے کا مشورہ دیدیا ہے۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ اور مجموعی سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے گفتگو ہوئی اور تجاویز دیں گئیں۔