اطلاعات و نشریات ڈویژن میں ہر قسم کی گاڑیاں خریدنے پر پابندی لگا دی: مریم اورنگزیب
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سینٹ میں بتایا کہ قومی ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ کرتے ہی اس کو بین الاقوامی ریلوے منصوبوں سے جوڑا جا سکتا ہے۔ سینیٹر طلحہ محمود کے سوال پر ہی انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے جاری کی گئی کفایت شعاری کی ہدایات پر اطلاعات و نشریات ڈویژن پوری طرح عمل کر رہی ہے۔ ڈویژن میں ہر قسم کی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ نئی آسامیوں پر بھی پابندی ہے جبکہ سرکاری عشائیوں اور ظہرانوں پر پابندی سمیت دیگر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریلویز کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے گذشتہ تین سالوں کے لئے 31 ارب روپے کی سبسڈی کو ختم کر دیا گیا ہے۔ سینیٹر شبلی فراز کے سوال پر وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پہلے پی ٹی وی کے ساتھ مقابلہ اس طرح سے نہیں تھا اب مارکیٹ میں مقابلے کی فضا بن چکی ہے۔ سال 2016ء میں پی ٹی وی کو کمرشل سے حاصل ہونے والی رقم 3450 ملین روپے اور دیگر ذرائع سے آمدن 711 ملین روپے ہے جبکہ ٹی وی لائسنس کی مد میں سال 2016ء میں 5544 ملین روپے کی آمدن ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نسلی بنیاد پر شعر و شاعری پر پی ٹی وی پر تاحیات پابندی لگا دی گئی ہے جبکہ پروڈیوسر کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔