شریف فیملی تفتیش کا طریقہ کار منتخب کر سکتی ہے نہ وزرا پیشی پر بیان دے سکتے ہیں: عمران
اسلام آباد/فیصل آباد (نیوز ایجنسیاں+نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آج جمعہ کو سکھر میں پارٹی جلسے میں عوام سے شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے گھمبیر مسائل سے واقف ہیں اور بہت جلد ان کا حل پیش کرینگے۔ عمران خان نے جمعرات کو اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ تحریک انصاف نے ملک کے سب سے بڑے مسئلے کرپشن اور منی لانڈرنگ سے متعلق پانامہ کیس کی انتہائی محنت سے پیروی کی جس کا پھل نواز شریف کی نااہلی کی صورت میں ملا جو تاریخی فتح ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا سندھ اور بالخصوص کراچی کے گھبیر مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پانامہ کیس کے بعد ان مسائل کے حل کے لئے وہاں کے عوام کو اعتماد میں لیکر ساتھ ملانا چاہتے ہیں۔ سکھر میں جلسہ بھی اسی رابطہ مہم کا حصہ ہے لہٰذا عوام جلسے میں شرکت کو یقینی بنا کر اسے کامیاب بنائیں تاکہ ترقی خوشحالی اور امن کا قیام ممکن بنایا جا سکے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ وزراء کیسے کہہ سکتے ہیں کہ شریف فیملی نیب کے سامنے پیش نہیں ہو گی؟ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ وہ کون سا قانون ہے کہ جو وزراء کو ایسی بات کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ شریف خاندان اپنے خلاف جاری تفتیش کا طریقہ کار منتخب نہیں کر سکتا۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا شریف خاندان بھول گیا ہے کہ وہ ملزمان ہیں؟ عمران خان نے کہا کہ فیصلے کو ریویو کرنے کا حق سپریم کورٹ کے پاس ہے شریف خاندان کے پاس نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تاحال سپریم کورٹ نے ریویو کا فیصلہ نہیں کیا، کیا کرپشن، منی لانڈرنگ اثاثے چھپانے، ٹیکس چوری کرنے کا کوئی اور ملزم یہ تصور کر سکتا ہے کہ نیب اس کو اسی طرح ٹریٹ کرے گا جیسے وہ شریف خاندان کو ٹریٹ کر رہا ہے؟ وزراء کو یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ کہیں کہ شریف فیملی کے افراد نیب میں پیش نہیں ہونگے۔ مزید برآں عمران خان نے کہا ہے کہ انکی پارٹی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے تاجروں اور صنعتکاروں کو نہ صرف قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے بلکہ انہیں درپیش مسائل سے بھی آگاہ ہے انہوں نے کہا کہ کراچی کے بعد فیصل آباد پاکستان کا معاشی حب ہے انہوں نے تحریک انصاف کی جانب سے صنعتکاروںکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کیلئے آواز اٹھانے کی یقین دہانی کرائی یہ یقین دہانی انہوں نے گزشتہ روز بنی گالا میںاپنی رہائش گاہ پرتحریک انصاف کی مرکزی پالیسی کونسل آف ٹیکسٹائل کے ہیڈ ممبر اور این اے 82 سے پی ٹی آئی کے متوقع امیدوار ظفر اقبال سرورکی قیادت میں فیصل آباد کے صنعتکاروں کے وفد سے ملا قات کرتے ہوئے کرائی۔ وفد میں ممتاز صنعتکار سابق وفاقی وزیر ٹیکسٹائل چوہدری مشتاق علی چیمہ انجینئر بلال جمیل ، عارف احسان ملک ،مزمل سلطان ، رانا مشتاق ،خرم ظفر ، میاں محمد لطیف، ملک سرفراز احمد، میاں عامر ،امیر عباد ، میاں ذوالفقار ، محمد ثقلین ، خواجہ عامر، اجمل چیمہ ، شہزاد شیخ ، محمد ارتضی، میاں جاوید شریف ،رانا احتشام، تنویر یاض رائو سکندر اعظم اور دیگر شامل تھے۔ عمران نے مزید کہا کہ نواز حکومت نے تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کوشش نہیں کی۔