ایم کیو ایم لندن کی جانب سے مردہ قرار دیا جانیوالا کارکن زندہ نکلا
کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں ایم کیو ایم لندن کی جانب سے مردہ قرار دیا جانے والا کارکن زندہ نکلا رینجرز نے یوسف عرف ٹھیلے والا کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔ ایم کیو ایم لندن اپنے کارکنوں کو روپوشی کی ہدایت کرنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف منفی اور گمراہ کن پروپیگنڈہ کرتی ہے۔ پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان میجر قنبر رضا کے مطابق ایم کیو ایم لندن کا کارکن یوسف عرف ٹھیلے والا اورنگی ٹائون میں رینجرز کے چھاپے کے دوران فرار ہو گیا تھا، پہلے سرجانی ٹائون اور پھر میرپور خاص میں روپوش رہا جبکہ ایم کیو ایم لندن کے رہنما مصطفی عزیز آبادی کی جانب سے یہ پروپیگنڈا کیا گیا کہ یوسف عرف ٹھیلے والا گرفتاری کے بعد رینجرز کے ہاتھوں مارا گیا ہے جس کے بعد اس کے گھر والوں نے سوئم تک کرلیا تھا تاہم میجر قنبر رضا نے بتایا کہ جمعرات کی صبح یوسف عرف ٹھیلے والا نے خود کو رینجرز کے حوالے کر دیا، پریس بریفنگ کے دوران یوسف عرف ٹھیلے والا کو بھی میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا جس کا کہنا تھا کہ وہ گلشن ضیاء میں ایک کنسٹرکشن کمپنی میں کام کرتا تھا جہاں رینجرز نے گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو وہ بھاگ نکلا پہلے سرجانی پھر میرپور خاص میں روپوش رہا لیکن جب اسے اپنی ہی موت کی خبر ملی تو وہ خوف زدہ ہو گیا اور اس خوف کے باعث خود کو رینجرز کے حوالے کیا۔ دریں اثناء حساس اداروں نے کارروائی میں دو دہشتگرد گرفتار کر لئے گرفتار دہشتگردوں کا تعلق این ڈی ایس سے ہے مزید تفتیش جاری ہے افغان خفیہ ایجنسی کے دہشتگردوں نے کراچی میں زیر زمین اسلحہ چھپانے کا انکشاف کیا ہے جس پر حساس اداروں نے کراچی کے مختلف مقامات سے اسلحہ برآمد کر لیا۔