نوازشریف کی وزیرا عظم کو امریکی پالیسی پر نظرثانی کیلئے مشاورت کی ہدایت
اسلام آباد ( محمد نوازرضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نے پارٹی لیڈرشپ سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنوبی ایشیا اور افغانستان سے متعلق پالیسی کے اعلان سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غورکرنے کیلئے بڑے پیمانے پر مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میاں نوازشریف آئندہ چند دنوں میں پارٹی کے قائدین کا ایک اجلاس بلائیں گے جس میں پاکستان کی امریکہ پالیسی پر نظرثانی کے لیے حکومت کو گائیڈ لائن دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے کہا ہے وہ امریکی پالیسی پر نظرثانی کرنے کیلئے تمام پارلیمانی جماعتوں اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں۔ وزیراعظم جلد اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے۔