نوازشریف کی عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی افسوسناک ہے: پی ٹی آئی رہنما
لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اپنے خلاف آنے والا فیصلہ تسلیم کرنے کی بجائے ہاہا کار مچانا سمجھ سے بالاتر ہے نواز شریف کی دوہائیاں بیکار جائیں گی اور ان کی عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی کی مہم قابل مذمت ہے۔ سابق وزیر اعظم کا"مجھے کیوں نکالا" ڈرامہ پہلے ہی ایکٹ میں فلاپ ہو چکا ہے۔ ڈاکٹر شاہد صد یق خان نے کہا کہ نواز شریف کا قانون کا احترام نہ کرنا پاکستان کو تصادم کے راستے پر ڈالنے کے مترادف ہے نواز شریف جاتی امراء میں چھپنے کے بجائے نیب عدالت میں پیش ہو ں۔علاوہ ازیں غلام محی الدین دیوان کی صدارت میں حلقہ این اے 120 کی یونین کونسل 82 کے عہدیداران کا اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد یوسی کا مرکزی دفتر کا افتتاح کر دیاجائے گا اور بعد میں ہر وارڈ میں انتخابی دفاتر کھولے جائیں گے۔