کالج ویونیورسٹی طالبات میں نشے کا رحجان بڑھ رہا ہے:ذوالفقار حسین
لاہور(خصوصی رپورٹر)کنسلٹنٹ انسداد منشیات مہم سید ذوالفقار حسین نے کہا ہے کہ منشیات کا استعمال مردوں کے ساتھ نوجوان خواتین سٹوڈنٹس میں بھی بڑھ رہا ہے ۔معاشرے کی تشکیل نو اور کردار سازی میں خواتین کا مردوں کی نسبت زیادہ حصہ ہے اگر خواتین خود ہی نشہ کاشکارہوں گی تو معاشرے میں منفی رحجانات پروان چڑھیں گے۔منشیات سے پاک معاشرہ کی تشکیل کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار اداکرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی طالبات کیلئے جاری انٹرن شپ پروگرام کے دوران منشیات کا استعمال اور وجوہات کے موضوع پر اپنے خطاب میں کیا اس موقع پر سائیکالوجسٹ کبریٰ امتیاز اوراسسٹنٹ پروفیسر حنا رضوی نے بھی خطاب کیا سید ذوالفقار نے کہا کہ یونیورسٹی کی لڑکیاں بھی مختلف قسم کی نشہ آور اشیاء استعمال کرتی ہیں جس کی وجہ ہماراخاندانی یونٹ بڑا کمزور ہو چکا ہے ،والدین اپنے بچوں کو پاکٹ منی زیادہ دے رہے ہیں لیکن ان کی حرکات و سکنات پر نظر نہیں رکھ رہے۔