افغان طالبان نے مرکزی صوبہ غزنی کے ضلع زانا خان پر قبضہ کر لیا، حملے میں 4پولیس اہلکار ہلاک اور8 زخمی
کابل(آئی این پی ) افغان طالبان نے مرکزی صوبہ غزنی کے ضلع زانا خان پر قبضہ کر لیا، حملے میں 4پولیس اہلکار ہلاک اور8 زخمی ہوگئے جبکہ مشرقی صوبہ نورستان میں افغان سکیورٹی فورسز نے طالبان کا حملہ ناکام بنادیا جوابی کاروائی میںکمانڈر سمیت 30جنگجو ہلا ک اور17 زخمی ہوگئے۔ جمعرات کو افغان میڈیا کے مطابق صوبائی کونسل کے ایک رکن عبدالجامی جامی نے بتایا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طالبان عسکری پسندوں نے رات کے وقت حملہ کردیا۔ دیگر حکام کا کہنا ہے کہ صوبائی پولیس سربراہ سمیت سیکورٹی فورسز علاقے سے چلے گئے ہیں۔صوبائی کونسل کے مطابق حملے میں 4پولیس اہلکار ہلاک اور8دیگر زخمی ہوگئے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں نے کچھ فوجی سازوسامان پر قبضہ کرلیا اور دیگر کو نشانہ بنایا۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ گروپ کے جنگجوﺅں نے ضلع کے مرکز اور سیکورٹی چوکیوں پر قبضہ کرلیا ہے ۔گزشتہ ماہ میں یہ ساتواں ضلع ہے جو طالبان کے قبضے میں چلا گیا ہے ۔یہ واقعہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئی افغان پالیسی کے اعلان کے 2روز بعد پیش آیا ہے ۔ افغان نیشنل آرمی کی 201 ویں صلیب کو ر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان جنگجوﺅں نے گزشتہ رات ضلع نورگرم میں سکیورٹی پوسٹوں پر حملے کیے۔ 201 صلیب کور کا مزید کہنا تھاکہ ہلاک ہونے والوں میں گروپ کا ایک کمانڈر بھی شامل ہے جس کی شناخت محمد نعیم کے نام سے ہوئی ہے۔ طالبان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بھی بیان سامنے نہیں آیا۔
افغان طالبان