عید پر سکیورٹی انتظامات کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے: عارف نواز
لاہور (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر سکیورٹی انتظامات بالخصوص نماز عید کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے صوبے میں عید نماز کے تمام بڑے اجتماعات کے مقامات پر پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا جائے ۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شریف شہریوں کو نوسر بازوں اور لٹیروں کی کارروائیوں سے محفوظ رکھنے کیلئے مستقل اور عارضی مویشی منڈیوں کے گرد مختلف اوقات میں ناکہ بندی ضرور کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک آر پی اوز اور ڈی پی اوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا آئی جی پنجاب نے کہا کہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت صرف ان تنظیموں کو دی جائے جنہیں حکومت کی طرف سے منظوری دی گئی۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب نے گورنر رفیق رجوانہ سے ملاقات کی، اس موقع پر ملک رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو امن وامان کی سہولتیں فراہم کرنا، عام آدمی کی عزتِ نفس کا تحفظ کرنا حکومت کا فرض اور پولیس کی پہلی ذمہ داری ہے۔