این اے 120 میں سرکاری مشینری کا استعمال روکنے کیلئے درخواست پر ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری
لاہور (وقائع نگار+ خصوصی رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے این اے 120 میں سرکاری مشینری کا استعمال روکنے کے خلاف دائر درخواست میں ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 31 اگست کو جواب طلب کر لیا۔ جسٹس سید کاظم رضا شمسی نے سماعت کی۔ حلقے سے عوامی تحریک کے امیدوار اشتیاق چودھری کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ میئر لاہور سمیت لیگی رہنما پابندی کے باوجود حلقہ میں ترقیاتی کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور حکومتی مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں ہائی کورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل نے این اے 120 کے ریٹرننگ افسر میاں محمد شاہد کی تعیناتی کے خلاف دائر اپیل مسترد کر دی۔ درخواست گزار سرفراز حسین ایڈووکیٹ نے ٹربیونل کو بتایا کہ الیکشن کمشن نے قوانین کے برعکس بہاولنگر کے ڈسٹرکٹ الیکشن افسر کو این اے ایک سو بیس میں ریٹرننگ افسر کے عہدے پر تعینات کیا۔ انتخابات کرانا الیکشن کمشن لاہور آفس کی ذمہ داری ہے۔ اپیلٹ ٹربیونل نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن اپیل کی میعاد گزرنے کے بعد سماعت کیسے کی جا سکتی ہے۔ ادھر وزارت دفاع کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ الیکشن کمشن کی طرف سے این اے 120 کے 17 ستمبر کو ضمنی الیکشن کو اور پولنگ سٹیشن پر سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کے لیے مراسلہ موصول ہو گیا ہے۔
این اے 120