عید قریب آتے ہی سبزیوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ
لاہور/کراچی (کامرس رپورٹر+ این این آئی) عیدالضحیٰ کے قریب آتے ہی گوشت میں استعمال ہونے والی سبزیوں کی گراں فروشی شروع ہو گئی۔ گزشتہ روز لاہور کے متعدد علاقوں میں پرچون سطح پردکانداروں نے صارفین کو سبزیاں مقررہ نرخوں سے زائد پر فروخت کرنا شروع کر دیں سرکاری نرخ نامے کے مطابق ایک کلو پیاز کی قیمت 47روپے مقرر ہے لیکن دکاندار 55روپے تک فروخت کر رہے ہیں۔ ٹماٹر 55کی بجائے 85روپے‘ لہسن دیسی 120روپے کی بجائے 165روپے لہسن چائنہ 131کی بجائے 185روپے‘ ادرک چائنہ 146روپے کی بجائے 200روپے‘ لیموں دیسی 116روپے کی بجائے 150روپے‘ کریلے 64روپے کی بجائے 90روپے‘ سبز مرچ 47روپے کی بجائے 100روپے‘ شملہ مرچ 47روپے کی بجائے 95روپے تک فروخت کئے گئے۔ رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی کے دوران مہنگائی کی شرح میں2اعشاریہ 9فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا جبکہ مہنگائی کے لحاظ سے اسلام آباد نے پاکستان کے تمام شہروں کو پیچھے چھوڑ دیاہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جولائی اسلام آباد میں رہنے والوں کے لئے سب سے زیادہ بھاری رہا جہاں مہنگائی میں اضافے کی شرح 4 اعشاریہ7 فیصد رہی۔رپورٹ کے مطابق دوسرا مہنگا ترین شہرہونے کا تاج لاہور نے اپنے سر سجایا۔ گزشتہ ماہ لاہور میں مہنگائی کی شرح3 اعشاریہ 7 فیصد رہی۔
مہنگائی