عیدالاضحی کے موقع پر آلایشوں سے شہر کوصاف رکھنے کےلئے اقدامات کئے جائیں ، قائم مقام کمشنر
راولپنڈی(نےوز رپورٹر) قائم مقام کمشنر راولپنڈی ڈویثرن طلعت محمود گوندل نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر ضلع راولپنڈی میں قربانی کے جانوروں کی آلایشوں سے شہر کوصاف رکھنے کے سلسلے میں اقدامات کیے جائیں خصوصا´ راولپنڈی شہرکی تنگ گلیوں سے آلایشوں کو اُٹھانے کے خصوصی انتظامات کیے جائیں تاکہ عوام کو عید کے موقع پر صاف ستھرا ماحول میسر آسکے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ تحصیل کی سطح پر ٹیمیں بنا کر صفائی کے عمل کی نگرانی کے علاوہ سی اوز کے ہمراہ عید کے تینوں دن اپنی اپنی تحصیلوں کا معائنہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے عمل میں غفلت برتنے والے افسران یا اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں عیدالاضحی کے موقع پر شہر کی صفائی کا ورک پلان تشکیل دینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں اے ڈی سی عارف رحیم ،اے ڈی سی جی میاں بہزاد عادل،ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رضوان علی ،اے سی سٹی ملیحہ جمال،اے سی کینٹ امبر گیلانی،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خالد گورایہ،اے سی گوجرخان مہرین فہیم،اے سی ٹیکسلا وقاص مارتھ،اے سی کوٹلی ستیاں محمد رشید،اے سی مری عارف اللہ، اے سی کہوٹہ انصر حیات،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کہوٹہ محمد رزاق طاہر،ڈسٹرکٹ آفیسر ضلع کونسل کامران خان کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی ۔ ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اپنی بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا کہ 2916 اہلکار 354 گاڑیوں کے ساتھ عید کے تین دن صفائی کا کام سرانجام دیں گے جو کہ دن اور رات کی شفٹ میں کام کریں گے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال کمپنی نے صفائی کے کام میں بہتری لانے کیلئے 109گاڑیاں کرائے پر بھی حاصل کی ہیں۔اس کے علاوہ مساجد ،عیدگاہوں اور قبرستانوں کی صفائی کا عمل بھی جاری ہے او ر شہر میں عوام کو قربانی کی کھالوں کے لیے بیگ بھی تقسیم کیے جائیں گے اس کے علاوہ صفائی کی صورتحال جاننے کیلئے شکایات سیل قائم کیا جا رہا ہے جہاں شہری اپنے علاقہ کی شکایات فون پر کر سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں 16ٹرانسفر سٹیشن قائم کیے جارہے ہیں جہاں سی گندگی کو منتقل کرنے کیلئے ہر وقت تین گاڑیاں موجود ہوں گی۔ کمشنر راولپنڈی نے اس موقع پر مزید کہا کہ اجتماعی قربانی کے مقامات کو جانوروں کے ذبح ہونے کے بعد فوری طور پر فنائل سے دھو دیا جائے اور وہاں چونے کا استعمال بھی کیا جائے تاکہ بدبو اور تعفن سے بچا جا سکے انہوں نے کہا کہ جانوروں کی کھالوں کے لیے عوام میں معیاری بیگز تقسیم کیے جائیںتاکہ وہ استعمال کے وقت پھٹ نہ سکیںاور ہر یو سی میں عید کیمپس بھی لگائے جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔