سول سوسائٹی اور انٹی کرپشن لائرز فورم راولپنڈی کے زیر انتظام ٹرمپ کے خلاف ریلی
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) سول سوسائٹی اور انٹی کرپشن لائرز فورم راولپنڈی کے زیر انتظام امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف راولپنڈی کچہری چوک میں ریلی نکالی گئی ،رےلی سے عبدالعزیز خان ایڈووکیٹ، شیخ اطہر ایڈووکیٹ، میڈم شہنازایڈوکیٹ، راجہ تنزیل ایڈووکیٹ ،صادق نواز خٹک ایڈووکیٹ ؛ شیخ طارق ایڈووکیٹ اورراجہ ظفر اقبال اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کےحالیہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ امریکہ خطہ میں بھارت کی اجارہ داری قائم کرنا چاہتا ہے اس وقت سی پیک منصوبہ کامیابی سے مکمل ہو رہا ہے جس کی وجہ سے بھارت کو شدید پریشانی ہے امریکی صدر ٹرمپ کی حالیہ دھمکی بھی اسی کی کڑی ہے پوری دنیا میں مسلمان اس وقت دہشت گردی کا شکار ہیں جبکہ پاکستانی فوج نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں جس کا امریکہ سمیت دیگر اہم ملکوں نے اعتراف بھی کیا ہے ۔ اب بھی پاکستانی فوج دہشت گردوں کے خلاف کامیابی کے ساتھ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے پاکستان پر دہشتگردوں کو پناہ گاہیں فراہم کرنے کا الزام عائد کرنا ایک عالمی سازش ہے جسے پاکستانی حکومت کو سفارتی سطح پر متحرک ہو کر ناکام بنانا چاہیئے۔