سیالکوٹ ہیڈکانسٹیبل کو شہید کرنیوالے 4 ڈاکو مقابلے میں ہلاک 6 فرار
سیالکوٹ (نامہ نگار)2 روز قبل کھروٹہ سیداں میں پولیس ہیڈکانسٹیبل کو شہید کرکے فرار ہونے والے چار ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیئے گئے۔ واضح رہے کہ چار روز قبل تھانہ کوٹلی لوہاراں کے قصبہ میں پولیس ہیڈ کانسٹیبل زبیر کو منشیات، ڈکیتی اور بھتہ کے جرائم میں ملوث اشتہاری انوار الحق عرف ٹڈا اور اسکے ساتھیوں علی عرف گونگا، نوید عرف نیدا اور رضوان عرف گنجو وغیرہ نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا۔ گزشتہ روز پولیس اور ملزمان کا آمنا سامنا ہو گیا اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے انوار الحق عرف ٹڈا، علی عرف گونگا، نوید عرف نیدا اور رضوان عرف گنجو ہلاک ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دس ڈاکوئوں نے ناکہ لگارکھا تھا اور گزرنے والے دو شہریوں کے نہ رکنے پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی تھی جس سے ان کے اپنے چار ساتھی ہلاک ہوئے۔ ڈی ایس پی محمد خان کے مطابق تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقہ کھروٹہ سیداں روڈ پر سحری کے وقت دس ڈاکوئوں نے راہ گیروں کو لوٹنے کیلئے ناکہ لگایا تھا یہاں سے گزرنے والے ظہیر شاہ اور عمران کے نہ رکنے پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کی تھی جس سے ان کے اپنے چار ڈاکو ساتھی انوارالحق عرف ٹڈا، علی عرف گونگا، نوید عرف نیدا اور رضوان عرف گنجو فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ کرنے والے چھ ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے ۔ ہلاک ہونے والے چاروں ڈاکوئوں کی نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے ڈیڈ ہائوس پہنچادی گئیں۔ ہلاک ہونے والے چاروں ڈاکوئوں نے دو روز قبل 22اگست کو کھروٹہ سیداں میں گرفتاری کیلئے جانے والے پولیس ہیڈکانسٹیبل زبیر کو فائرنگ کرکے شہید کیا تھا اور فرار ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے چاروں ملزمان منشیات فروشی سمیت دیگر جرائم میں ملوث تھے۔ چاروں ملزمان کی ہلاکت پر گاؤں کے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا۔
4ڈاکو ہلاک