;; روزانہ دس منٹ تیز چلنے سے انسان زیادہ عرصے تک زندہ رہتا ہے: انگلش ادارہ صحت
لندن (بی بی سی) ماہرین صحت کی جانب سے درمیانی عمر کے لوگوں کے لئے تجویز کی جا رہی ہے کہ وہ پیدل چلتے ہوئے اپنی رفتار قدرے تیز رکھیں کیونکہ زیادہ وقت تک حرکت نہ کرنا صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ حکومتی ایجنسی، پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ 40 سال کی عمر کے بعد لوگوں کے کام کرنے میں بتدریج کمی دیکھی جاتی ہے۔ حکام کی تجویز ہے کہ 40 سے 60 سال کی عمر کے لوگوں کو تیز رفتار سے چلنا چاہئے۔ ان کے مطابق روزانہ دس منٹ تک تیز چلنے سے جلد موت کے امکان میں 15 فیصد تک کمی آ سکتی ہے تاہم ادارے کا اندازہ ہے کہ 40 سے 60 سال کی عمر کے لوگوں میں 40 فیصد لوگ دس منٹ کی تیز واک کے لیے مہینے میں ایک دفعہ سے کم جاتے ہیں۔ ادارے کے ڈپٹی میڈیکل ڈائریکٹر جیری ہیریز کا کہنا ہے کہ ’میں خود جانتا ہوں کہ زندگی کی بھاگ دوڑ میں ورزش پیچھے رہ جاتی ہے مگر دکانوں پر جانے کے لیے گاڑی کے بجائے پیدل جائیں یا کھانے کے وقفے کے دوران دس منٹ کی واک کر لیں۔ ایجنسی ڈاکٹروں کو اس بات کی ترغیب دینے کی تجویز دے رہی ہے کہ لوگ کم از کم تین میل فی گھنٹہ کی رفتار سے واک کریں۔
انگلش ادارہ صحت